مقبوضہ کشمیر میں یوم آزادی خوش و خروش سےمنایاجارہاہے

Aug 14, 2023 | 14:25 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھی آج پاکستان کا 77 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، رات 12 بجتے ہی وادی پاکستان زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے گونج اُٹھی۔

 کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج کے اہلکاروں کی چپے چے پر تعیناتی اور جبر و استبداد کے باوجود غیور کشمیریوں نے یوم آزادیٔ پاکستان کا جشن شایان شان طریقے سے منایا۔

سرزمین پاکستان سے اپنی والہانہ محبت کے اظہار کے طور پر کشمیریوں نے جگہ جگہ پاکستانی پرچم لہرا دیئے، دیواروں پر پوسٹرز اور بینرز آویزاں کئے جن میں بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف مزاحمتی نعرے درج تھے۔

ہر گلی اور ہر محلے سے غیور و بہادر کشمیری ٹولیوں کی شکل میں پاکستان کا پرچم ہاتھوں میں تھامے سڑکوں پر نکل آئے، جدوجہد آزادی کشمیر اور پاکستان سے الحاق کے حق میں شدید نعرے بازی بھی کی گئی، مساجد میں پاکستان کے استحکام اور ترقی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں اور اجتماعات منعقد کئے، یوم آزادی پاکستان پر غیور کشمیریوں کا جذبہ دیدنی تھا۔

دوسری جانب کشمیری رہنماؤں نے ہر سال کی طرح امسال بھی 15 اگست کو بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس دن سیاہ پرچم لہرائے جائیں گے اور بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج کیا جائے گا اور بھارت کو پیغام دیا جائے گا کہ اُس کے ہر جبر اور ہتھکنڈے کے باوجود کشمیری اپنی جدوجہد آزادی کو ترک نہیں کریں گے۔

مزیدخبریں