ایک نیوز: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے 76ویں یوم آزادی کے موقع پر کہا کہ ہم سب کچھ بن چکے ہیں مگر اچھے پاکستانی نہیں بن سکے۔ہم نے ملک و قوم کیلئے دعا کی کہ اللہ پاک ہمارے ملک کو امن کا گہوارا بنائے،ہمیں ان شہدا کو یاد کرنا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ قوم کو دل کی گہرائیوں سے یوم آزادی مبارک ہو، جس عظیم مقصد کے لئے یہ آزادی لی گئی تھی کیا ہم اس پر چل رہے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ دیکھنا ہوگا ہم نے اپنی قوم کو کہاں لا کھڑا کیا، ہم قومیتوں میں بٹ گئے جس کی وجہ مسائل سے دوچار ہیں، اُمید ہے نگراں وزیرِ اعظم سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ پولیس ، رینجرز، فوج ، سندھ میں آپریشن میں حصہ لینے والے شہدا کو بھی سلام پیش کرتے ہیں،گجرات کے قوانین نے کشمیر میں ظلم و بربریت مچا رکھی ہے،ہم نے دعا کی کہ کشمیر کو مودی سے چھٹکارا ملے،ہمیں چاہیے کہ آئین و قانون کی پاسداری کرتے ہوئے جلد الیکشن کرائیں،حکومت سندھ، پیپلز پارٹی اور پارٹی قیادت کی طرف سے جہاں جہاں پاکستانی بستے ہیں انہیں آزادی کی مبارکباد دیتا ہوں۔
گورنر سندھ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ دل کی عطا گہرائیوں سے یوم آزادی مبارک ہو،76 سال پہلے ہمارے آباؤ اجداد نے قربانیاں دے کر ملک حاصل کیا،آج تک قربانیاں دے رہے ہیں،شہدا کی فیملی اور قیام پاکستان اور تعمیر پاکستان میں حصہ لینے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں،سوچنا چاہیے کہ بابائے قوم کے فرمان پر ہم عمل کر رہے ہیں یا نہیں،آزادی کا سفر تو جاری ہے لیکن کیا انکا مقصد جاری ہے،قوم، فرقوں اور مذاہبِ سے بالاتر ہوکر ہمیں سوچنا چاہیے۔
کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ ہمیں سوچنا چاہیے 76 سال بعد بھی ہم نے قوم کو کہاں پہنچایا،امید اور یقین کے ساتھ کہ آئیندہ کا سفر ایک قوم بن کر طے کریں،60 سے 65 فیصد یوتھ ہیں، سب کچھ اچھے بن چکے لیکن اچھے پاکستانی نہیں بنے،قوم کے لئے اچھی نوید ہے کہ ہم آگے بڑھنے کا رہے ہیں،چیف آف آرمی اسٹاف حافظ عاصم کی پالیسی سے لگتا ہے اب ترقی ہوگی،نگراں وزیر اعظم کو بھی آزادی کی مبارکباد دیتے ہیں۔
کامران ٹیسوری کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم نمائش چورنگی پر 6 بجے مل کر قومی ترانہ پڑھیں گے۔
قبل ازیں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری، وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور مئیر کراچی مرتضی وہاب تقریب میں پہنچ گئے تھے،قومی ترانےکی دھن پر قومی پرچم بلند کیا گیا،مہمانوں کو سلامی دی گئی،مہمانوں نے مزار پر پھول چڑھائے، فاتحہ خوانی کی اور ملک و قوم کی ترقی کے لئے دعا بھی کی۔