سیاستدان اور سٹیک ہولڈرز درگزر کا رویہ اپنائیں، محبت کو فروغ دیں، عارف علوی

Aug 14, 2023 | 11:29 AM

ایک نیوز: صدر مملکت عارف علوی نے یوم آزادی کے موقع پر پاکستان کو درپیش چیلینجز سے نمٹنے کے لیے عوام کے متحد ہونے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ سیاستدان اور سٹیک ہولڈرز درگزر کا رویہ اپنائیں اور محبت کو فروغ دیں۔ 

پاکستان کے 76ویں یوم آزادی کے موقع پر اسلام آباد میں واقع جناح کنونشن سینٹر میں ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر پاکستان عارف علوی نے کہا ہے کہ ’ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز اور سیاست دانوں کو عفو و درگزر سے کام لینا ہوگا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’پاکستانی قوم نے اپنی آزادی اور جمہوریت کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں۔ ہماری قربانیوں کا سلسلہ 1857 کی جنگ آزادی سے شروع ہو گیا تھا اور آج بھی میرے فوجی اور سویلین ملک کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔‘ اس موقعے پر انہوں نے پاکستانی قوم کو مبارک باد بھی پیش کی۔

صدر مملک نے مزید کہا کہ ’ملک میں ٹیکس دینے والے ٹیکس نہ دینے والوں کا بوجھ اٹھا رہے ہیں۔ پاکستان میں دو کروڑ 70 لاکھ بچے سکولوں سے باہر ہیں۔ تعلیم کے نظام کو بہتر بنا کر ہم ٹیکس دہندہ طبقے پر پڑنے والے بوجھ کو کم کر سکتے ہیں۔‘

صدر پاکستان عارف علوی نے کہا ہے کہ انصاف نہ ہونے سے معاشرہ انتشار کا شکار ہو جاتا ہے۔ انصاف کے لیے ضروری ہے کہ فریقین کو سنا جائے جس ملک میں انصاف ختم ہو جاتا ہے اس کا پورا نظام درہم برہم ہو جاتا ہے۔

جشن آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا کہ آئین، قانون اور میرٹ کی بالا دستی کے لیے قربانیاں دی گئیں، جس کا سلسلہ آج بھی جاری ہے۔

عارف علوی نے کہا کہ سیاستدان اور سٹیک ہولڈرز درگزر کا رویہ اپنائیں اور اتحاد کا مظاہرہ کریں۔ ابھی پاکستان کے لیے راستے کھلے ہوئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ 2 کروڑ 70 لاکھ بچے اس ملک میں سکولوں سے باہر ہیں۔ ٹیکس دینے والے ٹیکس نہ دینے والوں کا بوجھ اٹھا رہے ہیں۔

صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ اسلام پرامن مذہب ہے۔ نفرت پھیلانے کے بجائے محبت کو فروغ دینا ہوگا۔

انہوں نے پاکستان کے مشکل وقت میں چین، یو اے ای، سعودی عرب اور چین کی جانب سے مدد کیے جانے پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

مزیدخبریں