مسلح افواج کے سربراہان کی جانب سے قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد

مسلح افواج کے سربراہان کی جانب سے قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد
کیپشن: Independence Day greetings from the Chiefs of Armed Forces to the nation

ایک نیوز: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے قوم کو 76ویں یوم آزادی پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں ںے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ یہ دن ہمیں اپنے بزرگوں کے ویژن، استقامت اور بے شمار قربانیوں کی یاددلاتا ہے۔ مسلح افواج عوام کی خواہشات کے مطابق قوم کی خدمت سرانجام دیتی رہیں گی۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اورمسلح افواج کی جانب سے وطن عزیز کے 76ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم کو دلی مبارکباد پیش کی گئی ہے۔ 

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں اپنے بزرگوں اور قائد اعظم کے اس ویژن، استقامت اور ان گنت قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، جو قائد اعظم کے ایک آزاد اور خودمختار وطن کے خواب کی خاطر ہمارے بزرگوں نے دیں۔ ہزاروں بیٹوں نے مادر وطن کے دفاع اور اپنے آباوٴ اجداد کے آزادی کے خواب کو بچانے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ہمارے اسلاف کے آزادی کے خواب کو پورا کیا۔ 

بیان میں مزید کہا گیا کہ آئیے ہم سب عہد کریں کہ جو بھی چیلنجز درپیش ہیں، ان کا سامنا کرتے ہوئے امن و بھائی چارہ برقرار رکھتے ہوئے قوم کو متحد رکھیں گے۔ قوم کے درمیان نفاق اور انتشار پھیلانے کی دشمن قوتوں کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان اور عوام کے درمیان تقسیم اور دراڑیں ڈالنے کی ہر کوشش ناکام بنا دی جائے گی۔ مسلح افواج قوم کے تعاون سے ہمیشہ مادر وطن کی علاقائی سالمیت اور امن کا دفاع کرتی رہیں گی۔ انشاء اللہ پاکستان کے عوام کی امنگوں کے مطابق قوم کی خدمت جاری رکھیں گے۔