ایک نیوز: پاکستان کے 76ویں یوم آزادی کے موقع پر نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی حضوری باغ پہنچے۔ جہاں انہوں ںے شاہی قلعہ کے عالمگیری دروازہ پر پرچم کشائی کی۔
تفصیلات کے مطابق پرچم کشائی سے قبل سائرن بجائے گئے اور پرچم کشائی کے بعد پاکستان کا قومی ترانہ بجایاگیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مزار اقبال ؒ پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ انہوں نے مزار اقبالؒ پر فاتحہ خوانی بھی کی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ملک کی سالمیت، ترقی و خوشحالی، استحکام کیلئے خصوصی دعا کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے شاعر مشرق ڈاکٹر محمد اقبالؒ کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سکاؤٹس اورسکول کے بچوں و بچیوں کی جانب سے بینڈ پر ملی نغموں کی دھنیں بجانے کامظاہرہ دیکھا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سکاؤٹس اوربچوں وبچیوں کی کارکردگی کو سراہا اوران سے شفقت کا اظہارکیا۔
امریکہ اورایران کے قونصل جنرل، صوبائی وزراء منصور قادر۔عامر میر، مشیران کنور دلشاد، وہاب ریاض، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹریز،کمشنر لاہورڈویژن، ڈپٹی کمشنر لاہور اور اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
محسن نقوی کا دیہات میں صفائی منصوبے کا افتتاح:
دریں اثناء نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی شیخوپورہ کی تحصیل شرقپورکے گاؤں سجو وال پہنچ گئے۔
وزیراعلی محسن نقوی نے پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار دیہات میں صفائی ستھرائی کے پراجیکٹ ”اب چمکیں گے گاؤں‘ کا افتتاح کردیا۔
گوجرانوالہ اور شیخوپورہ کے درمیان سفر صرف 26 منٹ کا رہ گیا:
نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے گوجرانوالہ تا شیخوپورہ دورویہ سڑک کا افتتاح کر دیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے سید وارث شاہ ٹول پلازہ پر سڑک کا معائنہ کیا اور اعلی معیار کو سراہا۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ تا شیخوپورہ دورویہ سڑک سے دونوں شہروں کے لوگوں کو آمدورفت میں آسانی ہوگی۔ وقت کے ساتھ ایندھن کی مد میں خاطر خواہ بچت ہو گی۔
سیکرٹری تعمیرات ومواصلات نے منصوبے کے بارے میں نگران وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی۔ جس میں بتایا گیا کہ منصوبے پر 5 ارب روپے سے زائد لاگت آئی ہے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ موڈ کے تحت منصوبہ مکمل ہوا۔ صوبائی وزراء منصور قادر۔ بلال افضل۔ عامر میر۔ مشیر وہاب ریاض۔ چیف سیکرٹری۔ انسپکٹر جنرل پولیس۔ کمشنر گوجرانوالہ۔ آر پی او ۔ سی پی او گوجرانوالہ اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔