ایک نیوز: آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے یوم آزادی پر پوری پاکستانی قوم اور پولیس فورس کو مبارک باد دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ارض پاک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کی خاطر بڑی کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے تجدید عہد کا دن ہے۔ پنجاب پولیس شہریوں کی جان و مال اور عزت و آبرو کے تحفظ کے عزم کو دہراتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کا ہر جوان، افسر اور سپاہی ملک و قوم کے لئے اپنی جان قربان کرنے سے بھی دریغ نہیں کرے گا، پنجاب پولیس کی فرض کی راہ میں 1600 سے زائد شہادتیں ارض وطن سے لازوال محبت کی علامت ہیں۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ جشن آزادی پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں ہائی الرٹ ہو کر فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ 01 لاکھ 40 ہزار پولیس افسران و جوان صوبہ بھر میں جشن آزادی کی تقریبات، عوامی مقامات سمیت حساس پوائنٹس پر تعینات ہیں۔
انہوں ںے مزید کہا کہ لاہور میں 11 لاکھ، صوبہ بھر میں 22 لاکھ سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں سے جشن آزادی کی تقریبات کی مانیٹرنگ جاری ہے۔ شہری جشن آزادی کی خوشیاں مناتے ہوئے قومی وقار اور تہذیب کا دامن ہرگز نہ چھوڑیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، ہلڑ بازی، خواتین اور فیملیز کو ہراساں کرنے پر سخت کارروائی عمل میں لائیں گے۔