ایک نیوز نیوز: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کو ایشیاکپ سے قبل بڑا اعزاز ملنے کا اعلان ہوگیا۔
پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کے موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کو ستارہ امتیاز ایوارڈ دینے کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ ویمنز ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کو بھی تمغہ امتیاز دیا جائے گا۔
کھلاڑیوں کی فہرست میں بابراعظم اور بسمہ معروف کے علاوہ جنہیں سول ایوارڈ دیا جائے گا ان میں کامن ویلتھ گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جیولین تھرو ارشد ندیم اور ویٹ لفٹر نوح بٹ بھی شامل ہیں، جنہیں پرائیڈ آف پرفارمنس کا ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔
ستارہ امتیاز پاکستان کا تیسرا سب سے بڑا سول ایوارڈ ہے، یہ ان افراد کو دیا جاتا ہے جو ملک کی سلامتی، عالمی امن، ملکی ثقافت کے فروغ اور عوامی زندگی کی بہتری کیلئے کام کرتے ہیں۔ یہ ایوارڈز 23 مارچ کو دیئے جائیں گے۔
بابراعظم کی کارکردگی:
رواں سال بابراعظم کے کیرئیر کیلئے شاندار رہا، انہوں نے ٹیسٹ میں پاکستان کے لئے سب سے زیادہ رنز کا انبار لگایا۔ ورلڈکپ سپر لیگ میں ایک ہزار سے زیادہ رنز بنانے والے واحد بلے باز ہیں۔ انہوں نے 15 میچوں میں 6 سنچریوں اور 4 نصف سنچریوں کی مدد سے مجموعی طور پر 1083 رنز بنائے ہیں۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ 100 سے زیادہ ہے اور اوسط 83 سے اوپر ہے۔
یاد رہے کہ بابراعظم ون ڈے اور ٹی20 میں دنیا کے نمبر 1 جبکہ ٹیسٹ رینکنگ میں تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔