ایک نیوز:ایک 42 سالہ شخص میں حمل (پریگنینسی) کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس پر ڈاکٹر حیران تھے۔ بعد میں معلوم ہوا کہ اس انوکھی کیفیت کی وجہ ایک مرض ہے۔
اردن میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ رپورٹ ہوا ہے جس میں ایک شخص کا حمل ٹیسٹ مثبت آیا ہے ۔ بعد ازاں، مزید ٹیسٹ سے معلوم ہوا کہ یہ ایک رسولی ہے جس میں لبلبے کی رسولی بڑھتے ہوئے جگر تک جاپہنچی ہے اور اس سے خارج ہونے والا ہارمون ہی حمل ٹیسٹ کی وجہ بنا ہے۔
اردن میں ہسٹوپیتھولوجی کے ماہر، ڈاکٹر حُسام ابو فرسخ نے اپنے بیان میں 42 سالہ شخص کے حمل کے ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی ہے۔ ان کے بقول پہلے تو وہ بہت حیران ہوئے لیکن بعد میں مزید ٹیسٹ سے تصدیق ہوئی کہ یہ رسولی (ٹیومر) کی وجہ سے ہورہا ہے۔
سی ٹی اسکین سے معلوم ہوا کہ رسولی سے ہارمون کا اخراج ہورہا ہے جو عموماً حاملہ خواتین میں خارج ہوتا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق یہ ایک نایاب ترین کیفیت ہے جس کے مریض کا علاج کیا جارہا ہے۔