ایک نیوز: اسلام آباد پولیس نے طیبہ گُل انکوائری کیس عمران خان، ان کے سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان اور سابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو طلبی کے نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئٹڑ پر ٹویٹ میں بتایا کہ عمران خان، اعظم خان اور جسٹس (ر) جاوید اقبال کو 14 اپریل کو انکوائری افسر کے سامنے پیش ہونے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’انکوائری کمیٹی کے افسر نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا ہے۔ انکوائری افسران تمام مقامات سے ثبوت جمع کریں گے جہاں طیبہ گل کو محبوس رکھا گیا تھا۔ترجمان کے مطابق احتساب عدالت ون لاہور کے جج راؤ عبدالجبار صاحب نے انکوائری افسران کو 18 اپریل کو طلب کیا ہے۔ آئی جی پنجاب اور آئی جی اسلام آباد کو انکوائری افسر مقرر کیا ہے۔‘
یاد رہے کہ طیبہ گل نامی خاتون کا نام 2019 میں سامنے آیا تھا جب سابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے خلاف ایک مبینہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔اس ویڈیو کے بعد جسٹس (ر) جاوید اقبال سے استعفے کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا لیکن انہوں نے تمام الزامات مسترد کر دیے تھے۔
وفاقی پارلیمان کی پبلک اکاونٹس کمیٹی کے ایک اجلاس میں طیبہ گل نے الزام عائد کیا تھا کہ سابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے انھیں متعدد بار ہراساں کیا۔ جاوید اقبال سے اُن کی ملاقات اُس وقت ہوئی جب وہ لاپتہ افراد کے لیے قائم کمیشن کے سربراہ تھے۔
طیبہ گل نےعمران خان پر وزیراعظم ہاؤس میں انہیں حبس بے جا میں رکھے جانے سے متعلق الزامات لگائے تھے۔طیبہ گل نے الزام لگایا کہ انہیں تحریک انصاف حکومت کے دوران وزیراعظم ہاؤس میں 18 دنوں تک حبس بے جا میں رکھا گیا۔وفاقی حکومت نے گذشتہ سال ان الزامات کی تحقیقات کروانے کے لیے کمیشن بنانے کا اعلان کیا تھا۔