ایک نیوز: علی امین گنڈا پور کو علاقہ مجسٹریٹ محمد آصف نیاز کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں پی ٹی آئی رہنما کو 3 روزہ ریمانڈ پر بھکر پولیس کے حوالے کر نے کا حکم دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کو 3 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔پولیس نے موقف اپنایا کہ ڈیرہ سے اسلحہ بھکر کے راستے زمان پارک لاہور منتقل کیا جا رہا تھا ۔ علاقہ مجسٹریٹ کو اسلحہ کے لائسنس پیش کردیے گے تھے ۔علاقہ مجسٹریٹ کا کہنا ہے کہ غیر قانونی اسلحہ کیس میں علی امین گنڈاپور کو ڈس چارج کردیا گیا۔ علی امین گنڈاپور تھانہ سرائے مہاجر کیس اور داجل حملہ کیس اس کے علاؤہ غیر قانونی اسلحہ کیس میں بھی مطلوب تھے ۔ جس کے بعدعدالت نے باقی دو کیس میں پی ٹی آئی رہنما کو تین دن کے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ۔جس کے بعد علی امین گنڈاپور کو بھکر تھانہ صدر میں منتقل کردیا گیا ۔
اس سے قبل اسلام آباد کی مقامی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے گرفتار رہنماء علی امین گنڈا پور کو ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر بھکر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ اسلام آباد نوید خان کی عدالت نے رات گئے علی امین گنڈا پور کو راہداری ریمانڈ پر بھکر پولیس کے حوالے کیا۔
ضلعی پولیس کی جانب سے ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی جس پر علاقہ مجسٹریٹ نے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔ ضلع کچہری میں سیکیورٹی کے انتہائی غیر معمولی انتظامات کیے گئے تھےاور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی ۔پی ٹی آئی کے ضلعی عہدیداران و کارکنان بھی موقع پر موجود تھے۔