ایک نیوز:قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ہمارا تجربات کا کوئی پلان نہیں میں رضوان ہی نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں اوپننگ کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ایک سال رہ گیا ہے اور اس سیریز میں دیکھیں گے کہ ہم کہاں پر کھڑے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے ون ڈے سیریز کے لیے بھی مدد ملے گی۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہمارا تجربات کرنے کا کوئی پلان نہیں ہے۔ ہمارا اچھا کمبی نیشن بنا ہوا ہے لہٰذا میں اور محمد رضوان ہی سیریز میں اوپننگ کریں گے۔ نیچے دیکھیں گے کون کس نمبر پر اچھا پرفارم کرسکتا ہے، کوشش کریں گے نوجوانوں کو موقع دیں اور بینچ اسٹرینتھ آزمائیں۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ کپتانی کے حوالے سے ٹینشن نہیں ہے، نجم سیٹھی کے ساتھ ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے مجھے بہت اعتماد دیا ہے، کوشش ہے اب فوکس بس کرکٹ پر رکھوں۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ کوشش یہی ہے سیریز بائے سیریز اچھی پرفارمنس دیں۔ کوئی بھی لکھوا کر نہیں لایا کہ وہی کپتان ہوگا، ان چیزوں کو جتنا دیکھیں گے اتنا پریشر آئے گا۔ اسی لئے کوشش کرتا ہوں ایسی چیزوں پر کم دھیان دوں۔
بابر اعظم نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں کوئی نیا تجربہ نہیں کریں گے، احسان اللہ اورزمان خان بہت اچھی بولنگ کر رہے ہیں۔ ان دونوں گیند بازوں کی ٹیم میں شوملیت سے فاسٹ بولنگ کا شعبہ مضبوط ہوا ہے۔