سپریم کورٹ کا گورنر سٹیٹ بینک کو الیکشن کمیشن کو براہ راست فنڈز جاری کرنےکا حکم

سپریم کورٹ کا گورنر سٹیٹ بینک کو الیکشن کمیشن کو براہ راست فنڈز جاری کرنےکا حکم
کیپشن: پنجاب میں انتخابات کیلئے فنڈز کا معاملہ، چیف جسٹس نےاعلیٰ افسران کو طلب کرلیا

ایک نیوز:سپریم کورٹ میں پنجاب میں عام انتخابات کیلئے فنڈز کی عدم فراہمی کیس میں اٹارنی جنرل نے کہاکہ وفاقی حکومت فنڈز کے اجرا میں بے بس ہے ، پارلیمنٹ نے حکومت کو فنڈز جاری کرنے کا اختیار ہی نہیں دیا جبکہ ان چیمبر سماعت ختم ہوگئی تاہم جمعہ کے وقفے کے بعد سپریم کورٹ نے گورنر سٹیٹ بینک کو الیکشن کمیشن کو براہ راست فنڈز جاری کرنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں پنجاب میں عام انتخابات کیلئے فنڈز کی عدم فراہمی کیس کی سماعت  چیف جسٹس عمر عطابندیال ان چیمبر کررہے ہیں، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر بھی شامل ہیں،اٹارنی جنرل، وزارت خزانہ کے حکام چیف جسٹس کے چیمبر میں پیش ہوئے۔

اسپیشل سیکریٹری خزانہ اور ایڈیشنل سیکریٹری خزانہ بینچ کے سامنے پیش ہوگئے۔دوران سماعت سیکرٹری الیکشن کمیشن، وزارت خزانہ اور سٹیٹ بینک حکام نے فنڈز کی عدم فراہمی کے بارے میں موقف تین رکنی بنچ کے سامنے رکھا۔ اس موقع پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ وفاقی حکومت فنڈز کے اجرا کے معاملے میں بے بس ہے، پارلیمنٹ نے حکومت کو فنڈز جاری کرنے کا اختیار ہی نہیں دیا۔

اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے 4 اپریل کے حکم پر عمل درآمد کیا ہے، حکومت نے  پارلیمنٹ  میں  انتخابات کیلئے فیڈرل کنسولیڈیٹڈ فنڈ سے  رقم جاری کرنے  کا بل پیش کیا جسے  مسترد کردیا گیا۔پارلیمنٹ سے بل مسترد ہونے پر حکومت سٹیٹ بینک کو فنڈز کے اجرا کیلئے نہیں کہہ سکتی۔

عدالت عظمیٰ نے  وکلا کے دلائل سننے کے بعد  قائم مقام  گورنر سٹیٹ بینک کو الیکشن کمیشن کو براہ راست فنڈز جاری کرنے کا حکم  دے دیا۔

اس سے قبل قائم مقام گورنر سٹیٹ بینک کے ہمراہ آنے والے دیگر افسران کو چیمبر سے باہر بھیج دیا گیا جبکہ وزارت خزانہ کے سپیشل اور ایڈیشنل سیکرٹری کے علاوہ دیگر حکام کو بھی سماعت کے وقت باہر بھیجا گیا، اٹارنی جنرل، سیکرٹری اور ڈی جی لاء الیکشن کمیشن سماعت میں موجود رہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ججز نے الیکشن کیلئے فنڈز جاری نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا اور واضح کیا کہ عدالتی حکم پر عمل کرنا پڑے گا، سماعت کے دوران اٹارنی جنرل کو حکومتی مؤقف پیش کرنے پر سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑا۔

ذرائع سپریم کورٹ نے بتایا کہ نماز جمعہ کے بعد باضابطہ حکم جاری کیا جائے گا۔چیف جسٹس کے چیمبر میں سماعت ختم ہوئی تو چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ان چیمبر سماعت کا آرڈر بعد میں جاری ہوگا۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 12 اپریل کو الیکشن کمیشن کی جانب سے فنڈز کی عدم فراہمی کی رپورٹ پر نوٹسز جاری کر دیئے تھے، سپریم کورٹ نے پنجاب میں انتخابات کیلئے وفاقی حکومت کو 21 ارب روپے جاری کرنے کی ہدایت کی تھی۔