اینٹی کرپشن کورٹ،پرویز الٰہی کی عبوری ضمانت 27 اپریل تک منظور

Apr 14, 2023 | 10:14 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: اینٹی کرپشن کورٹ نے اربوں روپے کی کرپشن کرنے کے مقدمہ میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی عبوری ضمانت 27 اپریل تک منظور کرلی ۔

تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن کورٹ میں سابق وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی، اینٹی کرپشن کورٹ کے جج علی رضا نے عبوری ضمانت پر سماعت کی۔سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی عبوری ضمانت کیلئے عدالت پیش ہوئے ۔

عدالت نے پرویز الٰہی کی عبوری ضمانت 27 اپریل تک منظور کرلی اور اینٹی کرپشن کو گرفتار کرنے سے روک دیا، عدالت نے پرویز الٰہی کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دےدیا۔

عدالت نے پرویز الٰہی کو ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

ترجمان محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہی اینڈ کمپنی نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ذریعے غیرملکی کمپنی کی واجب الادا رقم 2 ارب90 کروڑ کی ادائیگی کے کے لیے ساڑھے 12 کروڑ روپے رشوت وصول کی۔چوہدری پرویز الہی کے خلاف مقدمہ ٹھوس شواہد کی بنا پر درج کیا گیا ۔

ترجمان نے مزید کہا کہ چوہدری پرویز الہی، مونس الہی اور محمد خان بھٹی  کی ڈیل مونس الہی کے دوست زبیر خان نے کروائی- غیرملکی کمپنی کی واجب الادارقم کے عوض چوہدری پرویز الہی نے ساڑھے 6 کروڑ روپے،مونس الہی اور محمد خان بھٹی نے 5 کروڑ جبکہ زبیر خان نے 50 لاکھ روپے لئے-

ترجمان کے مطابق ملزمان پرویزالہی، مونس الہی، محمد خان بھٹی اور زبیر خان نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے سابق سی ای او  لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی علی انان قمر پر دباؤ ڈال کر 2 ارب 90کروڑ روپے کی فوری ادائیگی کروائی- سابق وزیراعلی پنجاب چوہرری پرویز الہی، مونس الہی اور زبیر خان کی گرفتاری کے لیے اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیمیں روانہ کی گئی تھیں۔

مزیدخبریں