ایک نیوز: امریکا کے معروف جریدے ٹائم میگزین نے پاکستان کی وزیر ماحولیات شیری رحمان کو سال 2023 کی دنیا کی 100 با اثر ترین شخصیات میں شامل کر لیا ہے۔
ٹائم میگزین کی جانب سے 2023 کی دنیا کی 100 با اثر ترین شخصیات کی فہرست جاری کی گئی ہے جس میں رہنماؤں کی کیٹیگری میں شیری رحمان کا چھٹا نمبر ہے۔
جریدے کی ویب سائٹ پر جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ عالمی سطح پرکاربن اخراج میں پاکستان کا حصہ انتہائی معمولی ہے مگر ماحولیاتی بحران کے سبب پچھلے برس ایک تہائی پاکستان سیلاب میں ڈوب گیا تھا۔
ٹائم میگزین کے مطابق نومبر میں شیری رحمان مصر میں منعقد کوپ 27 اجلاس میں ان سیلاب زدگان کی آواز بنیں جو قدرتی آفت کے سبب اپنا سب کچھ کھوبیٹھے تھے۔
امریکی جریدے کی ویب سائٹ پر جاری پیغام میں کہا گیا کہ کوپ 27 اجلاس میں انتہائی پرجوش تقاریر اور انتھک مصروفیات اور مذاکرات کے ذریعے شیری رحمان نے مندوبین کو قائل کیا کہ یہ نا انصافی ختم کی جانی چاہیے۔
پیغام میں مزید کہا گیا کہ کوپ 27کا اختتام اس تاریخی فیصلے پر ہوا کہ عالمی برادری پہلی بار متفق ہوئی کہ قدرتی آفات کا سامنا کرنے والے ممالک کے لیے نقصان اور تباہی فنڈ قائم کیا جائے۔
ٹائم میگزین کے مطابق یہ ماحولیاتی انصاف کی جانب بڑا قدم ہے مگر اب بھی بہت کام باقی ہے، ہمیں شیری رحمان جیسی مزید شخصیات کی ضرورت ہوگی۔