ایک نیوز: امریکی خفیہ دستاویزات افشا کرنے والے مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم کی شناخت ریاست میساچوسٹس کے ائیرنیشنل گارڈز کے رکن جیک ٹیکسیرا کے طور پر ہوئی ہے۔
جیک ٹیکسیرا کو ایف بی آئی نے میساچوسٹس سے گرفتار کیا، ایف بی آئی کے مطابق یوکرین جنگ سے متعلق خفیہ دستاویزلیک کرنیوالے جیک کو آج ہی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
#BREAKING #USA #MA #MASSACHUSETTES :#VIDEO MOMENT OF ARREST OF #PENTAGON LEAK SUSPECT IN NORTH DIGHTON! The #FBI has arrested #Jack_Teixeira , an airman in Massachusetts Air National Guard in connection to leak of secret Pentagon documents #BreakingNews #FBI #viralvdoz pic.twitter.com/yYFn1vlEBZ
— ViralVdoz (@viralvdoz) April 13, 2023
رپورٹس کے مطابق ملزم اس آن لائن گروپ کا لیڈر ہے جس پر دستاویز جاری کی گئی تھیں، ایف بی آئی کی جانب سے ملزم کے گھر پر بھی چھاپہ مارا گیا۔
امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کا کہنا ہے کہ ملزم نے جان بوجھ کر مجرمانہ اقدام کیا۔
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق ائیرمین گارڈز کارکن 21 سالہ جیک ٹیکسیرا 20 سے 30 افراد پر مشتمل ٹھگ شیکر سینٹرل نامی آن لائن گروپ کی قیادت کرتا ہے، اس آن لائن گروپ پر بندوقوں، ویڈیو گیمز سے دلچسپی کے پیغامات اورنسل پرستانہ میمز شیئر کیے جاتے ہیں۔
امریکی محکمہ انصاف نے افشا ہونے والی خفیہ دستاویزات کی تحقیقات کا پچھلے ہفتے آغاز کیا تھا، پینٹاگون کی خفیہ دستاویزات انسٹنٹ میسجنگ پلیٹ فارم ڈسکورڈ پر شیئر کی گئی تھیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں امریکا اور نیٹو کا خفیہ منصوبہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری کیا گیا۔
امریکی منصوبے میں روس پر حملے کے لیے یوکرین کو مسلح کرنے سے متعلق معلومات شامل تھیں، جنگی منصوبے میں یوکرینیوں کی غیرمعمولی اموات کا ذکر کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق ان دستاویزات میں دعویٰ کیاگیا کہ جنگ میں اب تک 71 ہزار 500 یوکرینی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ جنگ میں 16ہزار سے17ہزار روسی فوجی ہلاک ہوئے ۔
خفیہ دستاویزات میں دعویٰ کیا گیا کہ یوکرین کی 12 میں سے 9 بریگیڈ امریکا نے مسلح کیں۔
اس کے علاوہ دستاویزات کے مطابق امریکا اپنے اتحادی جنوبی کوریا کی بھی جاسوسی کرتا رہا جبکہ لیک ہونے والی حساس امریکی دستاویزات میں چین سے روس کو مہلک ہتھیار فراہم کرنےکے ارادےکا بھی ذکر تھا۔