ایک نیوز: کراچی میں اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (اے وی سی سی) پولیس نے اسکیم 33کی ہاؤسنگ سوسائٹی میں چھاپہ مار کر کینیا کی 2 خواتین کو بازیاب کرلیا جبکہ پانچ ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی، اے وی سی سی عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ بازیاب ہونے والی خواتین کینیا کی شہری ہیں جنہیں اغوا کار گروہ نے نوکری کا جھانسہ دے کر چار ماہ قبل کراچی بلوایا اور اغوا کرکے قید کردیا۔
خواتین کے اغوا کی اطلاع کینیا کے سفارت خانے کی جانب سے براہ راست دی گئی جس کے بعد اے وی سی سی پولیس اور سی پی ایل سی نے مشترکہ کارروائی کے بعد دونوں خواتین کو بازیاب کرایا۔
جائے وقوع سے 2 افراد بھی گرفتار کیے گئے ، گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر مزید 3 افراد گرفتار کرلیے گئے تاہم مرکزی ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے جاری ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خواتین کا میڈیکل بھی کرایا جائے گا ۔