رمضان المبارک میں مارکیٹوں کے نئے اوقات کار جاری

Apr 14, 2021 | 15:05 PM

admin
اسلام آباد: این سی او سی نے کورونا پھیلاؤ کو روکنے کے لیے رمضان المبارک کے دوران سحری سے شام 6 بجے تک کاروبار کھولنے کی اجازت دے دی ۔ افطار کےبعد ہوٹلوں میں آوَٹ ڈور کھانا کھانے کی اجازت ہوگی۔

وفاقی وزیر اور سربراہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر اسد عمر کی زیر صدرات این سی او سی کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں ملک بھر میں آج سے کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کروانے کا فیصلہ کیا گیا۔

این سی او سی اعلامیے کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کورونا کے خطرے کو مدنظر رکھ کر سخت ایس او پیز کے ساتھ وسیع لاک ڈاؤن لگایا جائے گا، مارکیٹیں صبح سحری سے شام 6 بجے تک کھلی رہیں گی جبکہ ملک بھر میں ہفتہ، اتوار کو کاروبار بند رہے گا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ افطار سے رات 12 بجے تک ہوٹلوں کے باہر کھانے کی اجازت ہو گی، بین الصوبائی ٹرانسپورٹ ہفتے میں دو دن بند رہےگی جبکہ سینما گھر اور مزارات مکمل طور پر بند رہیں گے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اندرون شہر ٹرانسپورٹ 50 فیصد مسافروں کے ساتھ چلے گی جبکہ ریلوے کو 70 فیصد مسافروں کے ساتھ چلایا جائےگا، رمضان میں رش سے بچنے کے لیے اضافی ٹرینیں چلائی جائیں گی۔این سی او سی کے مطابق کھیلوں اور ثقافتی میلوں سمیت دیگر تقریبات پر مکمل پابندی ہو گی اور ایس او پیز پر این سی او سی کا جائزہ اجلاس 10 رمضان المبارک کو ہو گا۔
مزیدخبریں