آئی سی سی نے ایک روزہ میچز کی تازہ ترین درجہ بندی جاری کی ہے، جس میں بابراعظم نے بھارتی کپتان ویرات کوہلی سے نمبر ون کی پوزیشن چھین لی ہے، بابر اعظم آئی سی سی کی ون ڈے رینکنگ میں پہلے نمبر پر آگئے ہیں۔بابر اعظم کیلئے جنوبی افریقہ کیخلاف تین میچوں پر مشتمل سیریز کافی مفید ثابت ہوئی۔ اسی اعزاز کے ساتھ پاکستان کرکٹ نے اٹھارہ سال بعد تاریخ رقم کی ہے، اس سے قبل سال دو ہزار تین میں محمد یوسف ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن پر رہنے والے آخری قومی کھلاڑی تھے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری نئی رینکنگ کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز مڈل آرڈر بلے باز بابراعظم 865 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہوگئے، دوسرے نمبر پر بھارتی کپتان ویرات کوہلی ہے جن کے 857 پوائنٹس ہیں، بھارت کے روہت شرما تیسرے جبکہ نیوزی لینڈ کے روز ٹیلر چوتھے جبکہ آسٹریلیا کے ایرون فنچ پانچویں پوزیشن پر موجود ہیں۔
جنوبی افریقا کے خلاف مسلسل دو سنچریوں نے پاکستانی اوپنر فخر زمان کو ٹاپ ٹین بلے بازوں کی فہرست میں شامل کرادیا ہے اور وہ ون ڈے رینکنگ میں ساتویں نمبر پر آگئے ہیں۔