انوکھے چور، رن وے پر کھڑے ہیلی کاپٹر کے پرزے چوری

Sep 13, 2024 | 21:51 PM

ویب ڈیسک :  گاڑی یا موٹر سائیکل کے مرر یا چھوٹی موٹی چیزیں تو سنا تھا چور چرا لے جاتے ہیں مگر بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر میرٹھ میں ایک حیرت انگیز  واقعہ ہوا ہے،  جہاں لوگ  ایئر پورٹ  پر کھڑے ایک ہیلی کاپٹر کے متعدد سپئیر پارٹس  اتار کر لے گئے۔  جبکہ مزاحمت کرنے پر پائلٹ کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ۔

  رپورٹ کے مطابق  15-10 لوگ رَن وے پر گھسے اور انھوں نے ہیلی کاپٹر کے اہم پرزے کھول لیے، پائلٹ نے جب انھیں ایسا کرنے سے روکا تو اس کے ساتھ مار پیٹ کی گئی۔ 
  ہیلی کاپٹر کے پائلٹ کیپٹن رویندر سنگھ کی طرف سے میرٹھ کے ایس ایس پی کو ایک عرضی دی گئی ہے جس میں پرتاپور رَن وے سے ہیلی کاپٹر وی ٹی-ٹی بی بی کے پرزے کھول کر لے جانے کی شکایت کی گئی ہے۔ اس میں پائلٹ نے کہا کہ تقریباً تین بجے ایک ٹیکنیشین نے مجھے فون پر بتایا کہ کچھ لوگ ہیلی کاپٹر سے پرزے کھول رہے ہیں۔
  پائلٹ رویندر سنگھ نے  جب موقع پر پہنچ کر  ان لوگوں کو ایسا کرنے سے روکا تو انھوں نے  مار پیٹ کی اور  اسے مارنے کی دھمکی بھی دی۔ پائلٹ نے بتایا کہ اس نے فوراً اس معاملے کی جانکاری پولیس کو دی، پولیس جائے حادثہ پر پہنچی اور لوگوں کو تھانے بھی لے گئی۔ 
 دوسری طرف ایس ایس پی میرٹھ نے بتایا کہ یہ ہیلی کاپٹر کی لوٹ مار کا معاملہ نہیں ہے۔ تین مہینے پرانے اس معاملے کی اہم وجہ دو پارٹنروں کا تنازعہ ہے۔ اب اس معاملے کی جانچ برہمپوری سی او کو سونپ دی گئی ہے اور ان سے جلد ہی رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ حالانکہ پائلٹ نے بتایا کہ وہی اس ہیلی کاپٹر کا پائلٹ ہے اور اس کمپنی کا سی ای او اور ڈائریکٹر بھی ہے۔ پائلٹ نے اس سلسلے میں ڈی جی سی اے کو 31 اکتوبر 2023 کو ایک خط بھی دیا ہوا ہے۔

مزیدخبریں