’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ عالمی ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب

Sep 13, 2023 | 20:18 PM

ایک نیوز :  پاکستانی ایکشن فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ یورپی ملک ناروے میں ہونے والے سالانہ ’بولی وڈ فلم فیسٹیول‘ میں بہترین ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔

فلم ساز بلال لاشاری نے انسٹاگرام اسٹوری میں بتایا کہ ان کی فلم کو یورپی ملک ناروے میں ہونے والے ’بولی وڈ فلم فیسٹیول‘ میں بہترین فلم کا ایوارڈ دیا گیا۔

مذکورہ فلم فیسٹیول میں ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ واحد پاکستانی فلم تھی، جسے وہاں دکھایا بھی گیا اور مذکورہ فلم کو فیسٹیول کے تحت ایک ہفتے تک دو مختلف مقامات پر پیش کیا جاتا رہا۔

’بولی وڈ فلم فیسٹیول‘ میں صرف بھارتی فلموں کی نمائش کی جاتی ہے اور انہیں ہی ایوارڈز دیے جاتے ہیں لیکن اس بار اس میں واحد پاکستانی فلم کو بھی پیش کیا گیا اور بلال لاشاری مذکورہ فلم کے مختلف سیمیناز میں بطور مہمان بھی مدعو تھے۔

’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو بہترین فلم ایوارڈ دیا گیا، تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ مذکورہ فلم کو کس کیٹیگری میں اور کیسے ایوارڈ دیا گیا، کیوں کہ فلم فیسٹیول صرف بھارتی فلموں کے لیے ہوتا ہے۔ناروے میں ہونے والے مذکورہ فلم فیسٹیول کی ویب سائٹ کے مطابق فیسٹیول 2003 سے یعنی گزشتہ دو دہائیوں سے ہو رہا ہے اور اس میں ہر سال مختلف فلموں کو ایوارڈز دیے جاتے ہیں۔

فیسٹیول میں عام طور پر اسی سال ریلیز ہونے والی میگا بجٹ اور کامیاب فلموں کو پیش کیا جاتا ہے، تاہم اس میں موضوعات کے حساب سے بھی مختلف فلموں کو دکھایا جاتا ہے۔اس سال پاکستانی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کے علاوہ ’غدر ٹو، ڈریم گرل ٹو، مسز چترویدی ورسز ناروے، لو ان یوکرائن، ببلی باؤنسر،باہوبلی اور انڈیا لاک ڈاؤن‘ سمیت دیگر فلموں کو دکھایا گیا۔

مذکورہ فلم فیسٹیول میں خصوصی طور پر ان فلموں کی نمائش کی جاتی ہے جو بھارت کے علاوہ کسی دوسرے ملک کے حوالے سے بھی بنائی جاتی ہے، یعنی مذکورہ فلم کی کہانی بھارت کے علاوہ کسی دوسرے ملک کی ثقافت یا زندگی سے متعلق بھی ہوتی ہے۔

مزیدخبریں