محسن نقوی کا فی الفور منشاءبم اور دیگر قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کا حکم

محسن نقوی کا فی الفور منشاءبم اور دیگر قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کا حکم
کیپشن: Mohsin Naqvi's immediate action order against Munshabam and other occupation mafia

ایک نیوز: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پنجاب پولیس کو فی الفور منشاء بم سمیت دیگر قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے ایل ڈی اے ون ونڈو سیل کا دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے شہریوں سے ملاقات کی اور درخواستوں پر پراگرس کا پوچھا۔ شہریوں نے درخواستیں نمٹانے کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا۔ 

تفصیلات کے مطابق وزیراعلی محسن نقوی نے شہریوں کی شکایات کے ازالے کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔ بعض سائلین نے منشاء بم اور قبضہ مافیا کے خلاف   شکایات کیں۔ وزیراعلی نے متاثرہ شہریوں کو کمیٹی روم میں بلایا اور ہر ایک کے مسئلے کو خود سنا۔

متاثرہ شہریوں نےمنشاء بم قبضہ مافیا کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیے۔ جس پر فوری ایکشن لینے کے لیے سی ایم پنجاب نے سی سی پی او لاہور کو ایل ڈی اے آفس بلایا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے فی الفور منشاء بم اور دیگر قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔ انہوں نے سی سی پی او لاہور اور ایل ڈی اے کو بلاتاخیر کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔ 

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ متاثرین کو حق دلوائیں گے، کسی سے زیادتی نہیں ہوگی۔ منشاء بم اور اس طرح کے دیگر قبضہ مافیا سے قانون کے آہنی ہاتھوں سے نمٹاجائے گا۔ قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن ہو گا۔ 

وزیر اعلی محسن نقوی نے ایل ڈی اے کے پورے سسٹم کو ڈیجٹلائزڈ کرنے کا پلان طلب کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کیلئے ایل ڈی اے کو ڈیجیٹل کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ ون  ونڈو سیل میں بہتری آئی ہے تاہم اس سے کم وقت میں شہریوں کو دستاویزات ملنی چاہئیں۔ 

کمشنر لاہورڈویژن و ڈی جی ایل ڈی اے نے وزیر اعلی محسن نقوی کو بریفنگ دی۔