ایک نیوز: سستا ٹریکٹر خریدنے کیلئےرحیم یار خان جانیوالےپاک بحریہ کےحاضر سروس ملازم کو والد سمیت اغوا کرلیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہےکہ رحیم یار خان سستا ٹریکٹر خریدنے کیلئےجانے والے شخص کا تعلق راولپنڈی کے علاقے جاوا سے ہے، جس کے بھائی کی مدعیت میں اغوا برائے تاوان کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔مغوی یاسر رضا پاکستان نیوی کا حاضر سروس ملازم ہے جو فیس بک پر ٹریکٹر کا اشتہار دیکھ کر والد محمد مسکین کے ساتھ ٹریکٹر خریدنے رحیم یار خان گیا تھا۔ مدعی کے مطابق رابطہ کرنے پر دونوں کے نمبر بند ملے، جس کے بعد فیس بک اشتہار پر درج نمبر پر رابطہ کیا تو اغوا کا معلوم ہوا۔
مغوی باپ بیٹا ٹریکٹر خریدنے کیلئے ساڑھے گیارہ لاکھ روپے لے کر گئے تھے۔ ملزمان نے رہائی کے لیے مزید رقم کا مطالبہ کر دیا ہے، مقدمے کے مطابق مغوی باپ بیٹا 7 ستمبر کو صادق آباد رحیم یار خان گئے۔ 8 ستمبر کو اغوا کرلیا گیا۔