شمالی کورین سربراہ کی روسی صدر سے ملاقات، راکٹ ٹیکنالوجی میں گہری دلچسپی کا اظہار

 شمالی کورین سربراہ کی روسی صدر سے ملاقات، راکٹ ٹیکنالوجی میں گہری دلچسپی کا اظہار

 ایک نیوز:شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے روس کے صدر ولادمیر پیوٹن سے ملاقات کی جس میں راکٹ ٹیکنالوجی میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ 4 برس بعد گزشتہ روز بذریعہ ٹرین روس پہنچے تھے،اس حوالے سے کم جونگ ان کا کہنا تھا روس کے دورے کا واضح مقصد دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کو فروغ دینا ہے۔ شمالی کوریا کے سربراہ اور روسی صدر کی ملاقات روسی اسپیس سینٹر میں ہوئی اور روسی صدر نے شمالی کوریا کے سربراہ کو اسپیس سینٹر کا دورہ کرایا۔ 

شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے روسی صدر سے ملاقات میں دفاع اور ٹیکنالوجی تعلقات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ روسی صدر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ شمالی کوریا کے سربراہ نے راکٹ ٹیکنالوجی میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے ،روس شمالی کوریا کی سیٹیلائٹ بنانے میں مدد کر سکتا ہے، شمالی کوریا اپنا خلائی پروگرام تیار کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

کم جونگ ان کے ہمراہ فوجی قیادت کی موجودگی سے یہ امکان ظاہر ہوتا ہے کہ روس اور شمالی کوریا کے درمیان ہتھیاروں کی ڈیل ہو سکتی ہے جس پر مغربی ممالک نے تشویش کا اظہار کیا، امریکا کی جانب سے شمالی کوریا کو روس کے ساتھ کسی بھی قسم کے ہتھیاروں کی ڈیل سے باز رہنے کا کہا جا رہا ہے۔