ایک نیوز :مختصر ویڈیوز کے لیے معروف سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک نے اپنی سب سے بڑی مارکیٹ میں آن لائن شاپنگ کی دنیا میں بھی قدم رکھ دیا۔
کئی ماہ کی آزمائش کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم نے امریکا میں ای کامرس پراڈکٹ ٹک ٹاک شاپ کو متعارف کرا دیا ہے۔امریکا میں ٹک ٹاک کے صارفین کی تعداد 15 کروڑ سے زیادہ ہے۔
ٹک ٹاک شاپ کے لیے کمپنی نے ہوم اسکرین میں ایک خصوصی شاپ ٹیب کا اضافہ کیا ہے جبکہ لائیو ویڈیو شاپنگ، شاپ ایبل ایڈز (ads) اور دیگر فیچرز بھی متعارف کرائے گئے ہیں۔ ٹک ٹاک کی جانب سے ٹک ٹاک شاپ کی آزمائش امریکا میں نومبر سے کی جا رہی تھی۔
ٹک ٹاک کی سرپرست کمپنی بائیٹ ڈانس کی جانب سے برطانیہ اور جنوبی مشرقی ایشیائی ممالک میں بھی آن لائن شاپنگ کے مختلف طریقوں کی آزمائش کی جا رہی ہے۔
کمپنی کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ ٹک ٹاک شاپ سے کمپنیوں اور عام افراد کو صارفین سے رابطے کا موقع ملے گا اور آن لائن شاپنگ کا تجربہ بہتر ہوگا۔ٹک ٹاک صارفین ویڈیوز اور لائیو ویڈیوز کے ذریعے اپنی پسند کی اشیا خرید سکیں گے۔
ٹک ٹاک شاپ کے لیے مختص ٹیب سے صارفین مختلف مصنوعات کو سرچ بھی کر سکتے ہیں۔
ٹک ٹاک شاپ سے صارفین بھی پیسے کما سکیں گے اور وہ کمپنیوں کی مصنوعات کو کمیشن لے کر فروخت کر سکتے ہیں۔
کمپنی کے مطابق اب تک ٹک ٹاک شاپ کے لیے 2 لاکھ سے زائد افراد نے سائن اپ کیا ہے جبکہ ایک لاکھ سے زائد افراد نے اس پروگرام کے دیگر حصوں کے لیے سائن اپ کیا ہے۔