ایک نیوز بھارتی ریاست میگھالیہ میں اینٹی بائیوٹک کیپسول میں ناخن کی موجودگی نے انتظامیہ کی کارکردگی پر سوال اٹھا دیے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایک خاتون اپنی 12 سالہ بیٹی کے علاج کیلئے پوملم پرائمری ہیلتھ کیئر سینٹر ( پی ایچ سی) میں گئی جہاں اسے ڈاکٹر نے اینٹی بائیوٹک کے کیپسول تجویز کیے۔خاتون نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ دوا کے ڈبے میں اینٹی بائیوٹک کے 10 کیپسول موجود تھے جن میں سے 2 میں ناخن پائے گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون نے بتایا کہ اس نے ناخن کی موجودگی پر پولیس کو بھی شکایت درج کی ہے اور لاپرواہی برتنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کا بھی کہا ہے۔
دوسری جانب واقعے کا علم ہوتے ہی ریاست کے وزیر صحت کی جانب سے واقعے کی تحقیقات کیلئے ایک میڈیکل ٹیم تشکیل دی جس کی سربراہی سینئر ماہرین اور محکمہ کے ایک انسپیکٹر آف ڈرگس نے کی۔
وزیر صحت کے مطابق میڈیکل ٹیم نے پی ایچ سی میں پہنچ کر دیکھا کہ کیپسول میں ناخن موجود ہے جو کیپسول سے بھی بڑے ہیں، اسی کے ساتھ ہی انہوں نے مزید بتایا کہ دیگر کیپسول کو بھی چیک کیا گیا لیکن مزید کسی کیپسول میں ناخن نہیں پایا گیا۔