ایک نیوز: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان حکومت کے 23ویں اجلاس کی میزبانی کرے گا، سربراہان حکومت کے موجودہ چیئر کی حیثیت سے وزیر اعظم شہباز شریف اجلاس کی صدارت کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی نمائندگی چین، روس، بیلاروس، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان کے وزرائے اعظم کریں گے،ایران کے پہلے نائب صدر اور بھارت کے وزیر خارجہ اپنے ممالک کی نمائندگی کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ منگولیا کے وزیر اعظم اور وزراء کی کابینہ کے نائب چیئرمین اور ترکمانستان کے وزرائے خارجہ بھی اجلاس میں شرکت کرینگے،وزیراعظم دور ے پر آئے ہوئے وفود کے سربراہان سے اہم دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، اجلاس میں معیشت، تجارت، ماحولیات، سماجی و ثقافتی روابط کے شعبوں میں جاری تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اجلاس میں تنظیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا،رہنما، تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان تعاون کو مزید بڑھانے اور بجٹ کی منظوری کے لیے اہم تنظیمی فیصلے کریں گے۔