اسمگلنگ اور کرپشن کو بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا ،نگران وزیراعظم

 اسمگلنگ اور کرپشن کو بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا ،نگران وزیراعظم
کیپشن: Smuggling and corruption will not be tolerated at all, said the Prime Minister

ایک نیوز :نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ  اسمگلنگ اور کرپشن کو بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرصدارت خیبرپختونخوا سے متعلق اجلاس ہوا جس میں  وزیراعظم کو خیبر پختونخواہ کی امن و امان کی تازہ صورت حال،درپیش مالی مسائل کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کاکہنا تھاکہ  حکومت کے بروقت اقدامات کی وجہ سے امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی آئی ہے۔ اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام میں پاک فوج کی جانب سے فراہم کی گئی مدد لائق تحسین ہے ۔اسمگلنگ اور کرپشن کو بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو واپس بھیجا جا رہا ہے۔ تاہم یہ خیال رکھا جائے کہ قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو اس حوالے سے کوئی دشواری نہ ہو ۔

انوار الحق کاکڑ کاکہنا تھاکہ  امن و امان اور سکیورٹی کی صورت حال کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ خیبر پختونخواہ پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کو مضبوط کرنے کے لیے بھرپور اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ دہشت گردی کے واقعات سے نمٹنے کے لیے خیبر پختونخواہ پولیس اور انتظامیہ کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔ ہم کبھی اجازت نہیں دینگے کہ کوئی تنظیم یا جتھہ ہتھیار اٹھا لے اور ریاست کی رٹ کو چیلنج کرے۔

نگران وزیراعظم کاکہنا تھاکہ  پولیس کو جدید آلات سے لیس کیا جائے تا کہ دہشت گردی کے عفریت سے بہتر انداز میں نمٹا جا سکے۔ وفاقی حکومت خیبر پختونخواہ حکومت کو ہر ممکن سہولیات اور وسائل فراہم کرے گی۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج اور پولیس نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔م پوری قوم سیکورٹی فورسز اور پولیس کے ساتھ کھڑی ہے ۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے لیے کوشاں ہیں۔وزیراعظم کی خیبر پختونخواہ کو درپیش مالی اور دیگر مسائل حل کرانے کی یقین دہانی صوبے اور نوضم شدہ اضلاع کے مسائل کے حوالے سے حکمت عملی تیار کی جائے گی ۔