ایک نیوز:لاہور کی احتساب عدالت نے 1 ارب 37 کروڑ روپے کے کرپشن اسکینڈل میں مفرور مرکزی ملزم ذاکر حسین کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔
تفصیلات کے مطابق 1 ارب 37 کروڑ کرپشن سکینڈل کیس میں ملوث پٹواری ملزم ذاکر حسین کیخلاف کیس پر سماعت احتساب عدالت نمبر نو کے جج قمر الزمان نے کی۔
نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے ملزم ذاکر حسین کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔
بعدازاں عدالت نے ملزم کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔
یاد رہے کہ ملزم ذاکر حسین پر محکمہ مال کے ملازمین کی ملی بھگت سے 250 کنال اراضی اپنے اور بے نامی داروں کے نام منتقل کرنے کا الزام ہے۔یہ سیکڑوں کنال قیمتی اراضی مشہور ہائوسنگ سوسائٹی کے ساتھ ملحق تھی۔
نیب کے مطابق ملزم ذاکر حسین محکمہ ریونیو میں تعیناتی کا ناجائز فائدہ اٹھانے اور جعلی کاغذات کی تیاری میں ملوث پایا گیا ہے۔ ملزم جعلی کاغذات کے ذریعے عام شہریوں کی ملکیتی سیکڑوں کنال اراضی ملزم اپنے اور بے نامی داروں کے نام منتقل کرواتا رہا۔
ملزمان جعلی کاغذات کی تیاری میں فراڈ سے جعلی نشان انگوٹھا اور جعلی فرد استعمال کرتے رہے، ملزمان نے جعلی کاغذات کے ذریعے ہتھیائی گئی 250 کنال اراضی میں سے 170 کنال بعد ازاں فروخت کردی تھی۔
نیب تحقیقات میں ملزمان کے نام 80 کنال اراضی تاحال موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔