صدر نےنیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کو نشان امتیاز سےنواز دیا

Oct 13, 2023 | 12:03 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز:صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کو نشانِ امتیاز ملٹری سے نواز دیا۔

تفصیلات کے مطابق چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف کو نشانِ امتیاز ملٹری دینے کی تقریب منعقد ہوئی۔صدر عارف علوی نے ایڈمرل نوید اشرف کو نشان امتیاز ملٹری سے نوازا۔

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سمیت وفاقی کابینہ کے اراکین اعلی سول و فوجی افسران نے تقریب میں شرکت کی۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر بھی موجود تھے ۔

ایڈمرل نوید اشرف نے 7 اکتوبرکو پاک بحریہ کے سربراہ کا عہدہ سنبھالا تھا۔

صدر،وزیراعظم اور مسلح افواج کے سربراہان نے ایڈمرل نوید اشرف کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

دوسری جانب چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے ریئر ایڈمرل جاوید اقبال سےپارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات  کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان نیوی کے پیشہ ورانہ معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین سینیٹ نے پاکستان نیوی کے افسروں اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاک بحریہ کے جانبازوں نے ہمیشہ شجاعت کی داستانیں رقم کی ہیں۔

سمندری حدود کی حفاظت کرنے والے پاک بحریہ کے افسر اور جوان ہمارا فخر ہیں۔ آرمی اور ایئرفورس کی طرح پاکستان نیوی نے بھی ہمیشہ دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وطن عزیز کی سمندری حدود کے دفاع میں پاکستان نیوی کا کردار سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔

جدید دور کے چیلنجز اور دنیا میں رونما ہوتی تکنیکی تبدیلیوں پر بھی ملاقات میں سیر حاصل گفتگو ہوئی۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ قدرتی آفات کے نتیجے میں پاک بحریہ کی متاثرین کیلئے معاونت قابل قدر ہے۔پاک بحریہ نے ریلیف آپریشنزمیں ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔ اس موقع پر رئیر ایڈمرل نے چئیرمین سینیٹ کو پاک نیوی کی چیدہ چیدہ صلاحیتوں بارے بھی بریفنگ دی۔

مزیدخبریں