ایک نیوز: ملک بھر میں آئندہ 24گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر لاہور میں ہلکی دھوپ کیساتھ ہوائیں چلنے لگیں۔شہر کا موجودہ درجہ حرارت25ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے،زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ شہر کی ہوا میں نمی کا تناسب71 فیصد ہے جبکہ شہر میں 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتارسے ہوائیں چل رہی ہیں۔ فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور پہلے نمبر پر آگیا ہے۔ شہرمیں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح214 ریکارڈ کی گئی ہے۔
دوسری جانب آج کی شام سے مغربی ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی، جس کی وجہ سے محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، خطہ پوٹھوہار اور شمال مشرقی پنجاب میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 14 سے 17 اکتوبر کے دوران بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا میں آج شام سے بارشوں اورتیز ہواؤں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیا ت کے مطابق خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ہے، پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کیلئے مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پشاور میں آج مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، پشاور میں اس وقت درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاہے۔ذیادہ سے ذیادہ 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک برھنے کا امکان ہے۔ہوا میں نمی کا تناسب 67 فیصد ریکارڈ ہوا،صوبے کے بالائی علاقوں میں تیز ہواوں کے ساتھ بارش کا امکان ہے، ایبٹ آباد،سوات اور تورغر میں بارش متوقع ہے، شانگلہ، چترال، کالام، ملاکنڈ اور مری میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پشاور میں بھی ہلکی بارش متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں سے خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، پی ڈی ایم اے نے اداروں کی ہدایت کی ہے کہ سڑکوں کی بندش کی صورت میں ٹریفک کیلئے متبادل راستے فراہم کئے جائیں۔