نگران وزیراعلیٰ کا رات گئے تعمیراتی منصوبوں کا اچانک دورہ

نگران وزیراعلیٰ کا رات گئے تعمیراتی منصوبوں کو اچانک دورہ
کیپشن: Caretaker Chief Minister's surprise visit to construction projects late at night

ایک نیوز: وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے رات گئے خالد بٹ چوک انڈرپاس اورگھوڑا چوک ڈیفنس موڑ فلائی اوور پراجیکٹس کا دورہ کیا۔ صوبائی وزراء منصور قادر۔ عامر میر اور اظفر علی ناصر بھی ہمراہ تھے۔ 

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی محسن نقوی نے کیولری گراؤنڈ سے گھوڑا چوک  تک سوا کلو میٹر پیدل چل کر دونوں پراجیکٹس کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی کے مسلسل دورے اور روزانہ مانیٹرنگ سے منصوبوں پر کام کی رفتار تیز ہوگئی۔

32 روز میں خالد بٹ چوک انڈرپاس کا 53 فیصد اور گھوڑا چوک فلائی اوور کا 36 فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے۔خالد بٹ چوک انڈرپاس اکتوبر میں ہی ٹریفک کے لیے کھلنے کا قوی امکان موجود ہے۔ 

وزیر اعلی محسن نقوی نے  پراجیکٹس کی جلد تکمیل کے حوالے سے کنٹریکٹر اور سی بی ڈی حکام کو ضروری ہدایات دیں۔ محسن نقوی نے دونوں پراجیکٹس کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیااورمنصوبوں پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا۔

وزیر اعلی محسن نقوی نے منصوبوں کی سائٹ پر جاری کاموں کا تفصیلی مشاہدہ کیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے خالد بٹ چوک انڈرپاس کے  ڈرینج ویل کا بھی معائنہ کیا۔  منصوبوں پر کام کے دوران شہریوں کی سہولت کیلئے موثر ٹریفک مینجمنٹ کو یقینی بنانے کیلئے سی ٹی او کو ہدایات دیں۔ 

نگران وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سائٹس پر باقاعدگی سے پانی کا چھڑکاؤ جاری رکھا جائے۔ درختوں کو ہر صورت بچایا جائے۔ ان منصوبوں کی تکمیل  سے سنٹر پوائنٹ گلبرگ سے گھوڑا چوک ڈیفنس موڑ تک سگنل فری کوریڈور مکمل ہوجائے  گا۔ دونوں منصوبوں کی جلد تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا- منصوبے سے منسلک دیگر سڑکوں کی مرمت کا کام بھی کیا جائے گا۔ گلبرگ، کلمہ چوک، سی بی ڈی، کینٹ کیولری گراؤنڈ، ڈی ایچ اے اوروالٹن میں رہنے والے شہری مستفید ہوں گے۔

کمشنر لاہورڈویژن و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا،چیف انجینئر ایل ڈی اے اورکنٹریکٹر نے خالد بٹ چوک انڈر پاس پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی۔ سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمران امین  نے گھوڑا چوک ڈیفنس موڑ فلائی اوور منصوبے پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

سیکرٹری ہاؤسنگ۔سی سی پی او۔ڈپٹی کمشنر۔ ایم ڈی واسا اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔