ایک نیوز:(فیفا)فٹبال کی عالمی تنظیم نےبرطانوی نژادپاکستانی فٹبالراوٹس خان کی پاکستان سےکھیلنےکی اہلیت پرسوال اٹھادیا۔
تفصیلات کےمطابق فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرز کے سلسلے میں جمعرات کو پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان کھیلا جانے والا پہلا لیگ میچ بغیر کسی گول کے برابر ہوگیا۔
پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان میچ میزبان ملک کے دارالحکومت فینوم پین کے اولمپک اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جس میں پاکستان نے رینکنگ میں اپنے سے20 درجے بہتر ٹیم کا جم کر مقابلہ کیا، البتہ دونوں ٹیمیں مقررہ وقت میں کوئی گول نہ کرسکیں۔
برطانوی نژاد پاکستانی فٹبالر اوٹس خان کمبوڈیا کے خلاف میچ میں شرکت نہیں کرسکے کیوں کہ فیفا کی جانب سے ان کی پاکستان سے کھیلنے کی اہلیت پر سوال اٹھایا گیا۔
اوٹس خان کو پاکستانی بیک گراؤنڈ ہونے پر کھیلنے کا اہل قرار دیا گیا تھا جبکہ فیفا کا مؤقف ہے کہ اوٹس کے دادا کی پیدائش پاکستان کی نہیں بلکہ دلی کی ہے۔
فیفا کے مطابق اوٹس کے دادا کی پیدائش1930 میں نئی دلی میں ہوئی تھی ، ان کے دادا کی پیدائش کے موقع پر پاکستان کا قیام ہی نہیں ہوا تھا۔
تاہم ذرائع کا کہنا تھا پاکستان بننے کے بعد اوٹس کے دادا ہجرت کر کے فیصل آباد آگئے تھے۔
اس معاملے پر پاکستان فٹبال فیڈریشن کا کہنا ہے کہ فیفا کی جانب سے اوٹس کی اہلیت پر حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا، پی ایف ایف اس معاملے پر فیفا سے رابطے میں ہے۔
ترجمان پی ایف ایف کے مطابق اوٹس کو اس سے قبل ساف اور اے ایف سی پاکستان سے کھیلنے کی اجازت دے چکے ہیں، انہوں نےساف چیمپئن شپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان کوالیفائرز کا دوسرا لیگ 17 اکتوبر کو پاکستان میں اسلام آباد کے جناح اسٹیڈیم میں ہوگا۔