ایک نیوز نیوز :تحریک انصاف نے نواز شریف سے ملاقات اور ملکی معاملات پر مشاورت کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے اور نگران سیٹ اپ کے قیام کے لیے سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائرکردی ۔
تفصیلات کےمطابق پی ٹی آئی رہنماؤں عندلیب عباس اور حسان خان نیازی نے سپریم کورٹ میں درخواست دائرکی ہے جس میں وزیراعظم، وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ کو نااہل کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ آئین سے انحراف اور حلف کی خلاف ورزی پر وزیراعظم کو نااہل کیا جائے۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ وزیراعظم کے خلاف آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے،وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔ وزیراعظم نے غیر مجاز لوگوں کو پاکستان کے ریاستی راز بتائے۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ ’وزیراعظم نے بطور چیئرمین قومی اقتصادی کونسل آرٹیکل 90 کی خلاف ورزی کی۔ انہوں نے خفیہ ریاستی، سیاسی اور معاشی معاملات پر گفتگو کی۔ وزیراعظم نے ملاقات ریاست کے ایک اور مجرم حسین نواز کے گھر پر کی۔ ملاقات میں وزیراعظم کے ہمراہ اشتہاری مجرمان اسحق ڈار اور سلیمان شہباز بھی شامل تھے۔
درخواست میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے اپنے غیرآئینی اقدامات پر صدر مملکت کو اعتماد میں نہیں لیا۔ وہ ریاستی مجرم اسحق ڈار کو اپنے طیارے میں پاکستان لائے اور وزیر خزانہ بنایا۔ پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ سے استدعا کی ہے کہ وزیراعظم کے ان اقدامات میں معاونت پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہل قرار دینے اور آئی جی پنجاب کو وزیراعظم اور وزرا کےخلاف کارروائی کرنے کا حکم دیا جائے، اور آئینی درخواست پر فیصلہ ہونے تک نگران وزیراعظم اور نگران کابینہ تعینات کی جائے۔