عمرسرفراز چیمہ کا مشیر داخلہ پنجاب بنتے ہی دبنگ اعلان 

Oct 13, 2022 | 19:29 PM

ایک نیوز نیوز :عمر سرفراز چیمہ نے مشیر داخلہ پنجاب بنتے ہی لانگ مارچ میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کیخلاف کارروائی کا اعلان کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عمر سرفراز چیمہ نے کہاہے کہ لانگ مارچ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کیخلاف آئین اور قانون کے تحت کارروائی کریں گے۔جو عہدہ مجھے ملا ہے یہ بہت مشکل ٹاسک ہے، وفاقی حکومت گرما گرمی کا ماحول بنا رہی ہے، گزشتہ دو ماہ میں پنجاب حکومت نے بڑا ذمہ داری کا ثبوت دیا ہے، ہم کوئی بڑھکیں مار رہے ہیں نہ ہی کوئی انتقامی کارروائی کر رہے ہیں
ان کا کہناتھا کہ تحریک انصاف نے ایک پُر امن احتجاج کی کال دی ہوئی ہے، ہمارا کام عوام کی جان و مال کی حفاظت کرنا ہے، پر امن احتجاج کرنے والوں کے راستوں میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالیں گے۔ اسلام آباد پاکستان کا حصہ ہے، اور ملکی عوام اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھاتے ہیں تو یہ ان کا آئینی اور قانونی حق ہے، آئینی حق میں رکاوٹ ڈالنا اور تشدد کرنا کسی صورت بھی قبول نہیں ہے، جو ریاستی مشینری قانون کو ہاتھ میں لیکر کارروائی کریں گے تو ان کے خلاف بطور صوبائی حکومت ہم اپنا کردار ادا کریں گے جیسا ہم نے 25 مئی میں ملوث اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی ہے۔

واضح رہے کہ  وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے سابق گورنر پنجاب اور تحریک انصاف کے سینئر رہنما عمر سرفراز چیمہ کو صوبے کا مشیر داخلہ مقرر کر دیا۔وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہی سے ایوانِ وزیر اعلی میں عمر سرفراز چیمہ کی ملاقات ہوئی، دورانِ ملاقات پرویز الہی نے عمر سرفراز چیمہ کو نئی ذمہ داری سے آگاہ کر دیا، عمر سرفراز چیمہ نے نئی ذمہ داری پر وزیر اعلی کا شکریہ ادا کیا۔

مزیدخبریں