ایک نیوز نیوز :چیئر مین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ اعظم سواتی کوبھی ننگا کرکے تشدد کیا گیا ۔ تمام اداروں سے کہتا ہوں غلط فہمی میں نہ رہیں کہ تشدد کرکے عزت کرالیں گے ۔جو بھی ان چوروں کو این آر او دے رہا ہے وہ اس ملک کا غدار ہے ۔
تفصیلات کے مطابق مردان میں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ہے کہ اگر میں کرپٹ ہوتا تو میں بھی نواز شریف کی طرح باہر سے بھاگ جاتا، مخالفین نے 10سے 15ہزار جعلی ووٹ ڈالنے کی منصوبہ بندی بنا رکھی ہے ۔ایک سازش کے تحت ان چوروں کو ملک پر مسلط کیا گیا،ان چوروں پر اربوں روپے کے کیسز ہیں،میں ان چوروں کا عدالت میں بھی مقابلہ کر رہا ہوں،ان کی چوری پر کتابیں لکھی ہوئی ہیں، فلمیں بنی ہوئی ہیں، چوروں نے قوم کو مقروض کر دیا ہے،چوروں نے ملک کو دلدل میں دھکیل دیا ہے،یہ 2 خاندان 30 سال سے اس ملک کو لوٹ رہے ہیں، کیا نواز شریف اور آصف زرداری ایماندار ہیں؟
عمران خان نے مزید کہا ہے کہ وفاقی حکومت سوات میں گڑ بڑ کی ذمہ دار ہے ،سوات کے لوگوں نے بڑی قربانی دی تھی، اگر مجھ پر مقدمہ بنا کر جیل میں ڈالا گیا تو اور زور سے مقابلہ کروں گا ،میں نے کال دینی ہے جو زیادہ دیر نہیں۔ عمران خان نے مزید کہاہے کہ ہم نے ہمارے دور میں ایک ڈرون حملہ ہونے نہیں دیا،امریکی جنگ میں 80ہزارہمارے لوگ شہید ہوئے،عمران خان نے مزید کہا ہے کہ لندن کے مہنگے علاقے میں ان کے اربوں روپے کے4 محلات ہیں، اپنے دور میں نواز شریف نے 17فیکٹریاں بنائی ہیں۔