لاہور: کورئیر کمپنی کا بھیس بدل کر لوٹ مار کرنے والا گروہ گرفتار

Oct 13, 2022 | 14:41 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز نیوز: سی آئی اے لاہور نے ڈیفنس عسکری الیون سمیت شہر کے پوش علاقوں میں چوری کی واداتیں کرنے والے ایک گروہ کو گرفتار کیا ہے جس نے انوکھا طریقہ واردات اختیار کیا۔ 

رپورٹ کے مطابق سی آئی اے لاہور نے  کورئیر کمپنی کے اہلکاروں کو بھیس بدل کر گھروں کو لوٹنے والے خطرناک گروہ کو گرفتار کرلیا ہے ۔ کورئیر کمپنی کا بھیس بدل کر گھروں کو لوٹنے میں ڈیفنس ، عسکری 11اور پوش علاقوں میں 27 سے زائد وارداتوں کا انکشاف ہوا ہے۔  ملزمان زیورات بیچنے کےلئے گھر کی خواتین کو استعمال کرتے تھے۔
 سی آئی اے لاہور کے مطابق موٹرسائیکل پر سوار ائیر پورٹ کارگو کی وردی میں ملبوس اور کارڈ لگائے اچھرے کے رہائشی حسنین اور اس کے ساتھی پہلے پوش علاقے کا کوئی غیر آباد گھر تاڑتے  اور پھر ایک دو دن کی ریکی کے بعد ماسٹر کی سے دروازے کھول کر قیمتی سامان اور زیورات لوٹ لیتے تھے ۔  انہوں نے شہر میں  کم وبیش 27 سے زائد وارداتیں کی اور کوئی نشان نہیں چھوڑا جس سے پولیس چکرا کررہ گئی ۔
 سی آئی اے لاہور کے سب انسپکٹر تصدق حسین کی قیادت میں اہلکاروں نے  ہمت نہیں ہاری اور علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کھنگالنا شروع کی اور بالاخر ایک چھوٹےسے سراغ سے ساری وارداتوں کا کڑیاں ملتی چلی گئیں۔ 
ملزمان کی موٹرسائیکل  کی ٹینکی پر برفانی چیتے کی تصویروالا کور ان کی گرفتاری کا سبب بنا۔ کیونکہ پولیس کی جانب سے چھان بین پر مختلف جگہوں پر یہی موٹر سائیکل نظر آئی تھی تاہم اس کا نمبر مختلف تھا لیکن موٹرسایئکل اور ٹینکی پر لگا کپڑا  وہی تھا۔ جس پر موٹرسائیکل کے نمبر سے مالک کا سراغ لگایا گیا اور مسلم ٹاؤن موڑ کے علاقہ سے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا پولیس کی پوچھ گچھ پر ملزم نے وارداتوں کا اعتراف کرتے ہوئے اپنے ساتھیوں کے نام بھی بتائے ۔ یہ ا فراد آئس کے نشے کے لئے یہ گھناؤنی وارداتیں کرتے تھے۔

مزیدخبریں