ایک نیوز:وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی عالمی رہنماؤں کے کلائمیٹ ایکشن سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کی آذربائیجان کے صدر عزت مآب الہام علیوف سے ملاقات ہوئی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے باکو میں ورلڈ لیڈرز کلائمیٹ ایکشن سمٹ کے کامیاب انعقاد پر صدر علیوف کو مبارکباد دی۔
انہوں نے ماحولیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے اور اس حوالے سے بین الاقوامی تعاون کو بڑھانے کے صدر علیوف کے وژن اور عزم کو سراہا، ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان زہریلی گیسوں کے اخراج میں معمولی حصہ ہونے کے باوجود موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے بروقت اقدامات نہ کئے تو بہت نقصان ہو گا، آذ ر با ئیجا ن اور عالمی برادری کے ساتھ ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق چیلنجز پر کام کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، دونوں رہنماؤں نے پاکستان آذر بائیجان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلو ؤ ں کا جائزہ لیا۔
انہوں نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مختلف شعبوں بالخصوص اقتصادی اور دفاعی تعاون میں اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے اور عوامی روابط کے ساتھ ساتھ ثقافتی تعلقات کی مضبوطی کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور آذربائیجان کے مابین مضبوط تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی میں مشترکہ منصوبوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور دیگر علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔