آئی سی سی ہال آف فیم میں مزید تین سابق کرکٹرز شامل  

Nov 13, 2023 | 21:23 PM

ویب ڈیسک: آئی سی سی نے مزید تین سابق لیجنڈ کرکٹرز کو ہال آف فیم میں شامل کرلیا۔جن میں بھارت کے لیجنڈری بلے باز وریندر سہواگ، سری لنکا کے سپر اسٹار اراوندا ڈی سلوا اور بھارتی ویمنز ٹیم کی سابق کپتان ڈیانا ایڈلجی شامل ہیں۔

 تینوں کرکٹرز کو بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان وانکھیڈے اسٹیڈیم میں ہونے والے ورلڈ کپ 2023 کے سیمی فائنل کے دوران اعزاز سے نوازا جائے گا۔ تینوں سابق کرکٹرز نے آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل کئے جانے پر آئی سی سی اور جیوری کا شکریہ ادا کیا۔

  بھارت کے سابق جارح مزاج اوپننگ بلے باز وریندر سہواگ نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کے دوران 104 ٹیسٹ ، 251 ون ڈے اور 19 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں حصہ لیا۔ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں دو مرتبہ ٹرپل سنچریاں بھی اسکور کر رکھی ہیں جبکہ ون ڈے کرکٹ میں بھی شاندار ڈبل سنچری اسکور کر چکے ہیں۔

سری لنکا کے سابق اسٹار کرکٹر ارویندا ڈی سلوا نے 93 ٹیسٹ اور 308 ون ڈے انٹرنیشنل میں اپنے ملک کی نمائندگی کی، وہ 1996ء ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف فائنل میچ میں 107 رنز کی بہترین اننگز کھیلی اور 3 اہم وکٹیں بھی حاصل کیں۔

بھارتی ویمنز ٹیم کی سابق کپتان ڈیانا ایڈلجی ہال آف فیم میں شامل ہونے والی پہلی بھارتی خاتون کرکٹر ہیں جنہوں نے بھارت کے لیے 54 میچ کھیلے جس میں 20 ٹیسٹ اور 34 ون ڈے شامل ہیں۔

ڈیانا ایڈلجی نے ایک سلو لیفٹ آرم اسپنر کے طور پر اپنی شناخت بنائی، انہوں نے اپنے ملک کے لیے 100 سے زیادہ وکٹیں حاصل کیں۔ ویمنز ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والی دنیا کی تیسری خاتون بولر ہیں۔

یاد رہے کہ سابق پاکستانی کرکٹرز عبدالقادر، ظہیر عباس، جاوید میانداد، عمران خان، حنیف محمد، وقار یونس اور وسیم اکرم  بھی آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل ہیں۔

مزیدخبریں