بھارت میں دیوالی پر بائیس لاکھ چراغ جلانے کا عالمی ریکارڈ

بھارت میں دیوالی پر بائیس لاکھ چراغ جلانے کا عالمی ریکارڈ
کیپشن: بھارت میں دیوالی پر بائیس لاکھ چراغ جلانے کا عالمی ریکارڈ

ایک نیوز : لاکھوں بھارتی شہریوں نے دیوالی کے تہوار پر مٹی کے بنے بائیس لاکھ سے زائد چراغ جلا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا، جو گنیس بک آف ورلڈ ریکارڈز کا حصہ بن گیا ۔

تفصیلات کےمطابق بھارت میں ہندو عقیدت مندوں نےملک بھر میں چمکتی ہوئی کثیر رنگی روشنیوں سے گھروں اور گلیوں کو سجا کر  دیوالی کا سالانہ  تہوار منایا۔  ریاست اتر پردیش  کے شہر ایودھیا میں دریائے سریو پرلاکھوں ہندوؤں نے دیئے جلائے ۔

ہفتہ گیارہ نومبر کی شام عقیدت مندوں نے اس تاریخی دریا کے کنارے بھجنوں کی گونج میں 2.22 ملین سے زیادہ چراغ  روشن کر کے انہیں 45 منٹ تک جلائے رکھنے کے ساتھ ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ گزشتہ برس 1.5 ملین سے زیادہ مٹی کے چراغ جلائے گئے تھے۔ جلائے گئے چراغوں کی گنتی کے بعد گنیس بک آف ورلڈ ریکارڈز کے نمائندوں نے ریاستی وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو یہ ریکارڈ قائم کیے جانے کا سرٹیفیکیٹ پیش کیا۔

ایودھیا میں ڈاکٹر رام منوہر لوہیا اودھ یونیورسٹی کی وائس چانسلر پرتیبھا گوئل نے کہا کہ 24 ہزار سے زیادہ رضاکاروں نے، جن میں سے زیادہ تر کالج کے طلبا تھے، اس نئے ریکارڈ کے لیے تیاری میں مدد کی۔ دیوالی پر پورے بھارت میں قومی تعطیل ہوتی ہے۔ اس دن کو خاندان اور دوستوں کے ساتھ تحائف کے تبادلے کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ مٹی کے بنے بہت سے تیل والے چراغ یا پھر موم بتیاں روشن کرنے کے علاوہ  آتش بازی  بھی اس دن کی تقریبات کے حصہ ہوتی ہے۔