کراچی: لڑکی قتل کیس میں اہم پیشرفت، مقتولہ کا شوہر گرفتار

Nov 13, 2023 | 16:06 PM

ایک نیوز: ڈیفنس فیز 8 میں 22 سالہ لڑکی کے قتل کے کیس میں نئی پیشرفت سامنے آئی ہے۔ جہاں مقتولہ کے والد کی جانب سے مقدمہ کے بعد لڑکی کے شوہر کو باقاعدہ گرفتار کرلیا گیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 8 میں واقع فلیٹ میں پراسرار فائرنگ سے 22 سالہ لڑکی قراۃ العین عرف عینی کے قتل کا مقدمہ مقتولہ کے والد زبیرالدین کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق مقدمے میں مقتولہ لڑکی قراۃ العین عرف عینی کے شوہر ابرار بگٹی کو نامزد کیا گیا ہے اور پولیس نے زیرحراست ابرار بگٹی کو باقاعدہ گرفتار کرلیا ہے۔

لڑکی کے والد نے پولیس کو بیان دیا کہ ابرار بگٹی فون کرکے بیٹی سے نکاح کرنے کے لیے دباؤ ڈالتا اور دھمکیاں دیتا تھا، 12 اکتوبر کو وہ جعلی نکاح نامہ لے کر عدالت گیا اور عدالتی حکم پر30 اکتوبر کو بیٹی قراۃ العین کو اپنے ساتھ لے گیا تھا۔

عینی کے والد نے بتایا کہ بیٹی سے ابرار بگٹی کے ملازم کے بچے کے فون پر بات ہوئی تو اس نے بتایا کہ ابرار مجھ سے جھگڑا کرتا ہے، تشدد کرتا ہے، اور اس سے پریشان ہوں۔ 9 نومبر کو ابرار بگٹی کے نمبر سے بیٹی کی کال آئی، جب ہم نے بیک کال کی تو ابرار اور بیٹی کے درمیان جھگڑے کی آوازیں آرہی تھیں۔

لڑکی کے والد نے بتایا کہ 12 نومبر کو ایمار ٹاور کے سیکیورٹی اسٹاف نے فون کرکے مجھے اطلاع دی کہ آپ کی بیٹی کو گولی لگی ہے، میں اپنے بیٹے اور سالے کے ہمراہ جناح اسپتال آیا تو معلوم ہوا بیٹی فوت ہو چکی ہے۔

والد نے کہا کہ بیٹی کے سر پر گولی لگنے کے دو زخم اور جسم کے مختلف حصوں پر تین نشانات تھے، میری بیٹی قراۃ العین کو ابرار بگٹی نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر فائرنگ کرکے قتل کیا اور اب وہ پولیس کی حراست میں ہے، اس سے آلہ قتل بھی برآمد ہوا ہے، اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

مزیدخبریں