ایک نیوز: لاہورہائیکورٹ نے بشری بی بی کے سابق شوہرخاور فرید مانیکا کی ضمانت منظور کرلی اور انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے درخواست گزارکو ایک لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کے سابق شوہر خاور فرید مانیکا کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔ جسٹس علی باقرنجفی نے خاور فرید مانیکا کی درخواست پر سماعت کی، عدالت کے روبرو ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل عبدالصمد پیش ہوئے اور درخواست ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف پیش کیا کہ تفتیش میں درخواست گزار گناہ گار ہے۔
پراسیکیوٹر نے کہا کہ اوقاف ڈیپارٹمنٹ کی ذمہ داری تھی کہ وہ اراضی کو تحویل میں لے لیتی۔ درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف پیش کیا کہ اینٹی کرپشن حکام نے خاور فرید مانیکا کو قبرستان کی زمین پر قبضہ میں گرفتار کر رکھا ہے، ان پر قبرستان کی زمین پر ناجائز تعمیرات کا الزام ہے۔
وکیل درخواست گزار نے استدعا کرتے ہوئے بتایا کہ اینٹی کرپشن حکام نے خاور فرید مانیکا کو 25 ستمبر کو گرفتار کیا، عدالت رہائی کی درخواست ضمانت منظور کرے۔
عدالت نے خاور مانیکا کی درخواست ضمانت منظور کرلی اور ان کی رہائی کا حکم دے دیا۔ عدالت نے درخواست گزارکو ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم بھی دیا۔
یاد رہے کہ خاوید فرید مانیکا کے خلاف ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ کی جانب سے اینٹی کرپشن میں رواں سال جون میں ایک فوجداری ریفرنس دائر کیا گیا تھا۔
ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ خاور فرید مانیکا وغیرہ نے محکمہ اوقاف کی زمین پر ناجائز قبضہ کیا ہوا ہے اور اس پر شادی ہال اور دکانیں تعمیر کی ہوئی ہیں۔