ایک نیوز: ترجمان پاک بحریہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاک چین بحری افواج کے مابین دو طرفہ مشق سی گارڈین 2023 کے حوالے سے میڈیا بریف کا کراچی میں انعقاد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کے کموڈور عاصم سہیل ملک اور چینی بحریہ کے سینئر کیپٹن چی جیان نے مشق کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
کموڈور عاصم سہیل ملک نے کہا کہ مشق سی گارڈین کا آغاز 2014 میں کیا گیا۔ مشق سی گارڈین 2023 دو مراحل پر مشتمل ہے جس میں ہاربر اور سی فیز شامل ہیں۔ ہاربر فیز کے دوران دونوں بحری افواج کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے ورکشاپس سیمینارز اور مباحثے منعقد کیے گئے۔
کموڈور عاصم سہیل ملک کے مطابق مشق کے سی فیز کا آغاز 14 نومبر سے پاکستان کی سمندری حدود میں ہوگا۔ مشق کے سی فیز کے دوران دونوں ممالک کی افواج اپنی حربی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گی۔ جن میں میری ٹائم سیکیورٹی اورسرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز شامل ہیں۔
سینئر کیپٹن چی جیان کا کہنا تھا کہ یہ مشق سمندر میں مشترکہ خطرات سے نمٹنے کے لیے آپریشنل طریقہ کار اورحکمت عملی کو مزید بہتر بنانے میں مفید ثابت ہوگی۔ مشق سی گارڈین دونوں بحری افواج کے مابین باہمی دفاعی تعاون کو فروغ دے گی۔