ایک نیوز:لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ نے اینٹی کرپشن میں سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کی طلبی کے خلاف دائر درخواست نمٹادی۔
تفصیلات کےمطابق لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں اینٹی کرپشن کی جانب سے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کی طلبی نوٹس کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔فواد چودھری کے بھائی ایڈووکیٹ فیصل چودھری عدالت میں پیش ہوگئے۔چیف میونسپل آفیسر پنڈ دادن خان بھی عدالت میں پیش ہوگئے۔
چیف میونسپل آفسر نے عدالت میں بیان دیا کہ فواد چودھری نے جتنی بھی زمینیں خریدی ہیں انکا ریکارڈ میونسپل کارپوریشن پنڈ دادن خان میں موجود ہے۔خریدی گئی زمینیں قانون کے مطابق ہے۔
اینٹی کرپشن راولپنڈی پہلے ہی فواد چودھری کے خلاف طلبی کا نوٹس واپس لے چکی ہے۔بعد ازاں عدالت نے فواد چودھری کی درخواست نمٹا دی۔