ایک نیوز: گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران ڈیزل اور پیٹرول کی عالمی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔ جس کے بعد پاکستان میں بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 10 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ذرائع وزارت پیٹرولیم کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 15 نومبر سے 8 روپے سے 10 روپے فی لیٹر تک کی کمی متوقع ہے۔ قیمتوں میں کمی کی بنیادی وجہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ہے۔
واضح رہے کہ یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ آئل کی قیمت جولائی کے بعد 4 فیصد کم ہو کر کم ترین سطح 78 ڈالر فی بیرل پر آ گئی ہے۔ ملک میں پیٹرول کی قیمت283.38 روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت303.18 روپے ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران ڈیزل اور پیٹرول کی عالمی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔ تاہم روپے کی قدر میں کمی کے سبب صارفین کو قیمتوں میں کمی کا کم فائدہ مل سکے گا۔