کاربن کریڈٹس کا حصول: نگران وزیراعلیٰ نے جامع پلان طلب کرلیا

کاربن کریڈٹس کا حصول: نگران وزیراعلیٰ نے جامع پلان طلب کرلیا
کیپشن: Acquisition of Carbon Credits: The Caretaker Chief Minister called for a comprehensive plan

ایک نیوز: شجرکاری کا فروغ اور قیمتی زرمبادلہ کیلئے حکومت پنجاب نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے کاربن کریڈٹس کیلئے جامع پلان طلب کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا۔ جس میں کاربن کریڈٹس کے حصول کیلئے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ کاربن کریڈٹس کے حصول کے لئے اچھی ساکھ کی حامل کنسلٹنٹ فرم کی خدمات حاصل کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ویسٹ، ٹرانسپورٹ، انرجی، انڈسٹریز اور لینڈ یوز سمیت 10سیکٹرز سے کاربن کریڈٹس حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ جنگلات کے تحفظ اور ماحولیاتی آلودگی کے اسباب دور کرنے سے کاربن کریڈٹس حاصل ہوتے ہیں۔ زیادہ کاربن خارج کرنے والے ممالک دیگر ملکوں میں شجرکاری اورتحفظ ماحولیات کیلئے سرمایہ کاری کرتے ہیں۔ 

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ کاربن کے اخراج کو کنٹرول کرکے آکسیجن پیدا کرنے پرمخصوص طریقہ کار کے مطابق کریڈٹس دیے جاتے ہیں۔ کاربن خارج کرنے والے ممالک کریڈٹ حاصل کرنے کے لئے دوسرے ملکوں کو ادائیگی کرتے ہیں۔ والنٹیئر کاربن مارکیٹ کے ذریعے کاربن کریڈٹس بیچے اور خریدے جاتے ہیں۔ 

صوبائی وزراء، عامرمیر، ابراہیم حسن مراد، سیکرٹریز جنگلات،خزانہ،انڈسٹریز اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔