ایک نیوز نیوز: ایپل کی آئی فون 14 سیریز کو ستمبر 2022 میں متعارف کرایا گیا تھا۔اس سیریز کے فونز میں کمپنی نے سیلولر سگنل یا وائی فائی کے بغیر ٹیکسٹ میسج بھیجنے کے فیچر کو بھی حصہ بنایا تھا۔سیٹلائیٹ کنکٹویٹی کا یہ فیچر آئی فون 14 سیریز کے فونز میں رواں ماہ کسی وقت صارفین کو دستیاب ہوگا۔
اس فیچر کو فعال کرنے کے لیے ایپل نے 45 کروڑ ڈالرز خرچ کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔
ایپل کی جانب سے بتایا گیا کہ امریکا اور کینیڈا میں آئی فون 14 سیریز استعمال کرنے والے نومبر سے سیٹلائیٹ کنکٹویٹی فیچر کو استعمال کرسکیں گے۔اس فیچر کی بدولت صارفین ایمرجنسی حالات میں ایسے علاقوں سے بھی امدادی اداروں کو ٹیکسٹ میسج بھیج سکیں گے جہاں سیلولر یا وائی فائی کوریج موجود نہیں ہوگی۔
کمپنی کے مطابق 2 برس تک یہ سروس صارفین کے لیے مفت ہوگی، البتہ اس کے بعد کیا فیس لی جائے گی یہ ابھی نہیں بتایا گیا۔
امریکا اور کینیڈا سے باہر صارفین کے لیے یہ فیچر کب تک دستیاب ہوگا اس بارے میں بھی کمپنی نے کچھ نہیں بتایا۔
مگر امکان ہے کہ 2023 میں دیگر ممالک کے صارفین کے لیے بھی اس فیچر کو متعارف کرایا جاسکتا ہے۔
اس فیچر کے لیے ایپل نے گلوبل اسٹار نامی کمپنی سے شراکت داری کی ہے جس کے 24 سیٹلائیٹس سے صارفین کو کوریج فراہم کی جائے گی۔