ایک نیوز نیوز :آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے انگلینڈ کے فاسٹ بولر سیم کرن پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈحاصل کرلیا۔
تفصیلات کےمطابق سیم کرن نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022میں 11.38 کی اوسط سے 13 وکٹیں حاصل کیں۔ سیم کرن نے فائنل کے بہترین کھلاڑی کا بھی اعزاز حاصل کرلیا، انہوں نے فائنل میں صرف 12 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی، انگلینڈ دوسری مرتبہ ٹی 20 کرکٹ کا سلطان بن گیا، اس سے قبل انگلینڈ نے 2010 میں ٹی 20 ورلڈ کپ جیتا تھا۔ انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی ۔ پاکستان نے 20 اوورز پورے کھیل کر 8 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنائے۔ اوپنر محمد رضوان 15 رنز بناکر سیم کرن کا شکار بنے جب کہ ٹیم کے 45 کے مجموعی اسکور پر محمد حارث 8 رنز اور بابر 32 رنز بناکر عادل رشید کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ افتخار احمد صفر پر بین اسٹوکس کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔شان مسعود کو 38 اور محمد نواز کو 5 رنز پر سیم کرن نے جب کہ شاداب کو 20 رنز پر کرس جورڈن نے آؤٹ کیا۔
انگلینڈ نے 137رنز کا ہدف انیس اوور میں حاصل کرلیا۔آسٹریلیا کے محکمہ موسمیات نے اتوار اور پیر کو بارش کی پیشگوئی کر رکھی تھی اور میلبرن میں دوران میچ بادل چھائے رہے تاہم میچ کے ودران بارش نہیں ہوئی۔