انگلینڈ دوسری مرتبہ ٹی 20 ورلڈ کپ کا عالمی چیمپئن بن گیا

Nov 13, 2022 | 16:46 PM

muhammad zeeshan

ایک نیوز نیوز: آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ یوں انگلینڈ دوسری مرتبہ ٹی 20 کرکٹ کا سلطان بن گیا ہے۔  اس سے قبل انگلینڈ نے 2010 میں ٹی 20 ورلڈ کپ جیتا تھا۔  جبکہ پاکستان دوسری مرتبہ فائنل میں پہنچ کر ورلڈ کپ نہ جیت سکا ۔ اس سے قبل پاکستان انڈیا سے فائنل میچ ہارا تھا۔ میچ کا ٹرننگ پوائنٹ شاہین آفریدی کا انجرڈ ہونا ثابت ہوا جس کے بعد پاکستانی باؤلر ز کو سنبھلنے کا موقع نہ ملا۔

انگلینڈ ٹیم نے پاکستان کے138رنز  کے تعاقب میں اپنی اننگز کا آغاز کیا تو ابتدا میں   ایلکس ہیلز شاہین آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوئے ۔ اس کے بعد سالٹ 10 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند  پر پویلین  لوٹ گئے۔اس کے بعد انگلش ٹیم نے رنز میں اضافہ کیا ، انگلینڈ کی تیسری وکٹ 45 رنز پر گری ، جوز بٹلر 26 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کی چوتھی وکٹ 84 رنز پر گری۔ جس کے بعد پاکستان کی جیت کے امکانات روشن ہوئے اور میچ سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہوا۔ لیکن پاکستان کی پوزیشن اس وقت کمزور ہونا شروع ہوئی جب شاہین آفریدی انجری کا شکار ہوئے اور اوور ادھورا چھوڑ کر چلے گئے جس کے بعد پاکستان کی گیم میں واپسی ممکن نہ ہوسکی ۔ یوں انگلش ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 19 ویں اوور میں ہدف حاصل  کرلیا۔ بین اسٹوکس نے 52 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

قبل ازیں  انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی ۔ پاکستان نے 20 اوورز پورے کھیل کر 8 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنائے۔ اوپنر محمد رضوان 15 رنز بناکر سیم کرن کا شکار بنے جب کہ ٹیم کے 45 کے مجموعی اسکور پر محمد حارث 8 رنز اور بابر 32 رنز بناکر عادل رشید کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ افتخار احمد صفر پر بین اسٹوکس کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

شان مسعود کو 38 اور محمد نواز کو 5 رنز پر سیم کرن نے جب کہ شاداب کو 20 رنز پر کرس جورڈن نے آؤٹ کیا۔

عادل راشد نے 4اوورز میں 22 رنز دیکر 2 وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ انگلینڈ نے ٹی 20 ورلڈ کپ جیت کر ایک اور منفرد اعزاز اپنے نام کیا ہے۔ اس وقت انگلینڈ تازہ ترین ون ڈے اور ٹی 20 ورلڈ کپ اپنے پاس رکھنے والی واحد ٹیم بن گئی ہے۔ میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں تقریبا 80 ہزار سے زائد کرکٹ شائقین موجود تھے جنہوں نے دوران میچ اپنی اپنی ٹیموں کے پلیئرز کو گرمایا اور حوصلہ دیتے نظر آئے۔

آسٹریلیا کے محکمہ موسمیات نے اتوار اور پیر کو بارش کی پیشگوئی کر رکھی  تھی اور میلبرن میں دوران میچ  بادل چھائے  رہے تاہم میچ کے ودران بارش  نہیں ہوئی۔

مزیدخبریں