شائقین کرکٹ کے انتظار کی گھڑیاں ختم

شائقین کرکٹ کے انتظار کی گھڑیاں ختم
(ایک نیوز نیوز) شائقین کرکٹ کے انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو ہیں، پی ایس ایل فائیو کے پلے آف مرحلے کا کل سے آغاز ہو گا، پہلے روز دو میچز کھیلے جائیں گے، ملتان سلطانز اور کراچی کنگز آمنے سامنے ہوں گے، جبکہ لاہور قلندرز کا مقابلہ پشاور زلمی سے ہو گا۔

کرکٹ دیوانے ہو جائیں تیار۔ آنے جا رہی ہے چوکے چھکوں کی بہار۔پی ایس ایل فائیو کے پلے آف میچز کا آغاز کل سے ہو گا۔ پہلا میچ ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ یہ میچ کوالیفائر کی حثیت رکھے گا۔ اور جیتنے والی ٹیم پہلی مرتبہ فائنل تک رسائی حاصل کر لے گی۔

دوسرے میچ میں لاہور قلندرز اور پشاور زلمی مد مقابل ہوں گے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا یہ میچ ایلمینیٹر ون کی حثیت رکھے گا۔ اور شکست سے دوچار ٹیم کا سفر ختم ہو جائے گا۔

کوالیفائر میچ کی ہاری ہوئی ٹیم اور ایلمینیٹر ون میں فتح یاب ہونے والی ٹیمیں پندرہ نومبر کو آپس میں ٹکرائیں گی۔ فتح حاصل کرنے والی ٹیم سترہ نومبر کو کوالیفائر جیتنے والی ٹیم سے فائنل میچ میں مد مقابل ہو گی۔

کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے قومی کپتان بابر اعظم ایونٹ میں اب تک 345 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر ہیں۔

باؤلرز میں کوئٹہ گلیڈیٹرز کے محمد حسنین کی سب سے زیادہ 15 وکٹیں ہیں۔ جبکہ لاہور قلندرز کے بین ڈنک 23 چھکے لگا کر سر فہرست ہیں۔