جنسی مجرموں کی فوری شناخت کا نظام متعارف  

May 13, 2023 | 21:01 PM

ایک نیوز :نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے جنسی مجرموں کی قومی رجسٹری کا اجراء کردیا۔بچوں اور خواتین کے خلاف جنسی جرائم میں ملوث مجرموں کی اب فوری شناخت ہوسکے گی۔

چیئرمین نادرا طارق ملک کاکہنا ہے کہ  بچوں اور خواتین کو محفوظ رکھنے کےلیے ناگزیر سہولت مہیا کی ہے۔نادرا کی قومی رجسٹری کے اجراء کے بعد جنسی جرائم میں سزا یافتہ افراد کی شناخت اور ٹریکنگ کی جاسکے گی۔

نادرا اعلامیے کے مطابق ملازم رکھنے سے پہلے متعلقہ شخص کا شناختی کارڈ نمبر نادرا کو ایس ایم ایس کریں۔اگر وہ شخص بچوں یا خواتین سے جنسی جرائم میں ملوث رہا ہے تو نادرا آپ کو جواب میں اس سے فوری آگاہ کرے گا۔ شہریوں، ملازم رکھنے والے اداروں، محکموں کو تصدیقی ایس ایم ایس سے خبردار کیا جائے گا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور صوبائی حکومتوں سے روابط بھی قائم کردیے، کسی بھی فرد سے متعلق 7000 پر شناختی کارڈ نمبر ایس ایم ایس کیا جاسکے گا۔

نادرا اعلامیے کے مطابق ایس ایم ایس کے ذریعے تصدیق جاسکتی ہے یہ شخص جنسی مجرم ہے یا نہیں، مجرم ہونے پر جواب موصول ہوسکتا ہے’ خبردار۔ یہ شخص ایک مجرم ہے‘۔ جواب موصول ہوسکتاہے ’یہ شخص مجرم ہے، اسے بچوں کے قریب جانے کی اجازت نہ دی جائے‘۔

مزیدخبریں